شارجہ میں غیر قانونی اشتہار بازی کے خلاف کریک ڈاؤن شروع، 46 افراد کو جرمانے

میونسپلٹی کے پچاس انسپکٹرز مختلف مقامات کا دورہ کر کے خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو جرمانے کر رہے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 5 اکتوبر 2019 12:21

شارجہ میں غیر قانونی اشتہار بازی کے خلاف کریک ڈاؤن شروع، 46 افراد کو جرمانے
شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5اکتوبر2019ء) شارجہ میں غیر قانونی اشتہار بازی کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہو گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے میونسپلٹی کے پچاس انسپکٹرز مختلف مقامات کا دورہ کر کے خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو جرمانے کر رہے ہیں۔ میونسپلٹی کے مطابق کسی بھی فرد یا کمپنی کو اس بات کی اجازت نہیں ہے کہ وہ پرمٹ حاصل کیے بغیر سڑکوں پر تشہیری پوسٹرز یا بِل بورڈ لگائے۔

انسپکٹرز کی جانب سے درجنوں مقامات پر ایسے غیر قانونی بورڈز، پوسٹرز اور اشتہارات کی نشاندہی ہونے پر ان کو ضبط کیا جا رہا ہے اور متعلقہ افراد یا کمپنی کے خلاف جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔ حالیہ مہم کے دوران 46 افراد اور کمپنیوں کو جرمانے کیے جا چکے ہیں۔ میونسپلٹی کے مطابق غیر قانونی اشتہار بازی سے شہر کا حُسن تباہ ہوتا ہے اور بین الاقوامی سیاحوں کا یہاں کے رہائشیوں اور انتظامیہ کے بارے میں منفی تاثر اُبھرتا ہے۔

(جاری ہے)

اگر کسی بھی فرد یا ادارے کو اپنی پبلسٹی کرانی ہو تو اس کے لیے اسے شارجہ میونسپلٹی یا ایگزیکٹو کونسل سے پرمٹ حاصل کرنا ضروری ہے ورنہ ان کے خلاف ضابطے کی کارروائی کی جائے گی۔ میونسپلٹی کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ عبادت گاہوں، تہذیبی و ثقافتی ورثے والی عمارتوں، سرکاری عمارتوں، تاریخی عمارتوں، عوامی سہولیات فراہم کرنے والی اشیاء و مقامات کے علاوہ ایسے جگہوں پر اشتہارات اور بل بورڈز لگانا منع ہے جن سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہو یا ڈرائیورز کی حدِ نگاہ پر کوئی فرق آتا ہو۔

متعلقہ عنوان :

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں