ابو ظہبی:لگژری کار کا مالک معمولی چوریوں میں ملوث نکلا

عرب نوجوان جنرل سٹورز سے کارڈز اور پیسے چوری کر کے بھاگ نکلتا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 7 اگست 2018 12:12

ابو ظہبی:لگژری کار کا مالک معمولی چوریوں میں ملوث نکلا
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 اگست 2018ء) دُنیا میں ہر روز چوری کی ہزاروں وارداتیں ہوتی ہیں‘ جن پر اب کوئی حیرت کا اظہار بھی نہیں کرتا۔ عموماً چوری کی واردات کے دوران چور سستی موٹر سائیکل یا عام سی کار کا استعمال کرتے ہیں‘ تاہم متحدہ عرب امارات میں ایک ایسا چور پکڑا گیا ہے جو چھوٹی موٹی رقم اور موبائل کارڈز کی چوری کی واردات کے دوران اپنی لگژری کار پر موقع واردات پر پہنچتا ہے۔

ایک عرب مُلک سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان کو پولیس نے مختلف جنرل سٹورز سے موبائل کارڈز اور رقمیں چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ ملزم واردات کے دوران اپنی لگژری کار کا استعمال کرتا جس کے لیے وہ گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹس لگواتا۔ ابو ظہبی پولیس نے اپنے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ کے ذریعے عوام کو بتایا کہ مذکورہ ملزم مختلف شاپس کا رُخ کرتا اور وہاں کیش کاؤنٹر پر تعینات ملازم سے جیسے ہی کارڈ وصول کرتا تو رقم کی ادائیگی کیے بغیر ہی فوراً دُکان سے باہر کی جانب دوڑ لگا دیتا۔

(جاری ہے)

اُسے یقین تھا کہ کار کا نمبر جعلی ہونے کی وجہ سے کوئی اُسے گرفتار نہیں کر سکتا۔ ابو ظہبی پولیس کے کریمنل سیکیورٹی سیکٹر کے ڈائریکٹر بریگیڈیر جنرل مُسلّم محمد الامیری نے بتایا کہ پولیس کو اس نوعیت کی متعدد وارداتوں کی اطلاع مِلی۔ جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے ایسے تمام واقعات کی تفتیش کر کے معلومات اکٹھی کی جس کے باعث ملزم کی گرفتاری ممکن ہو سکی۔

ملزم کو اُس کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے اپنے جُرم کا اعتراف کر لیا جس کے بعد اُس کا کیس پبلک پراسیکیوشن کو منتقل کر دیا گیا۔ الامیری نے جنرل سٹورز پر تعینات ملازموں کو تاکید کی ہے کہ وہ اس نوعیت کے واقعات کو دھیان میں رکھتے ہوئے پہلے گاہک سے پیسے وصول کریں پھر اُنہیں اس کے بدلے میں مطلوبہ شے فراہم کریں۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں