متحدہ عرب امارات میں سستے فلیٹوں کے اشتہار کی آڑ میں نوسرباز سرگرم

ان آن لائن اشتہاروں کے باعث کئی افراد ھوکا کھا چکے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 30 اکتوبر 2018 11:40

متحدہ عرب امارات میں سستے فلیٹوں کے اشتہار کی آڑ میں نوسرباز سرگرم
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اکتوبر2018ء) اگر آپ امارات میں مقیم ہیں اور کرائے پر کوئی فلیٹ وغیرہ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو بہت احتیاط سے کام لیجیے۔ کسی ایسے آن لائن اشتہار کے جھانسے میں نہ آئیے جس میں انتہائی کم کرایوں پر فلیٹس دلوانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ابو ظہبی پولیس نے اس حوالے سے وارننگ جاری کی ہے جس کے مطابق کچھ افراد ریئل اسٹیٹ بزنس کی آڑ میں سادہ لوح افراد کو لُوٹ رہے ہیں۔

یہ لوگ لوگوں کو اُن کی قیمتی رقوم سے محروم کرنے کے لیے سوشل میڈیا کی ویب سائٹس کو استعمال میں لا رہے ہیں۔ ابو ظہبی پولیس کے کریمنل سیکیورٹی سیکٹر کے قائم مقام ڈائریکٹر، بریگیڈیر محمد سُہیل الراشدی نے کہا ہے کہ وہ لوگ جو کرائے کے فلیٹ کی تلاش میں ہیں، سوشل میڈیا یا انٹرنیٹ ویب سائٹس پر پوسٹ کیے جانے والے اشتہارات پر بھروسا نہ کریں، چاہے اُن میں آپ کو کتنی ہی پُرکشش آفر کیوں نہ کی گئی ہو۔

(جاری ہے)

اگر کوئی شخص کرائے پر گھر لیتا ہو تو کرایہ داری کانٹریکٹ کا متعلقہ حکومتی محکمے میں اندراج ضرور کرنا چاہیے تاکہ کسی فراڈ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ابو ظہبی پولیس کی جانب سے انسٹا گرام پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص کرائے پر گھر حاصل کرنا چاہتا ہے تو وہ صرف مجاز ریئل اسٹیٹ آفس سے ہی رابطہ کرے، دُوسری جانب ریئل اسٹیٹ بروکرز اور ایجنٹس کو بھی تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے اماراتی شناختی نمبر اور دیگر ضروری معلومات مہیا کریں۔

کرائے داری سے متعلقہ تمام کاغذات اس مقصد کے لیے مخصوص دفاتر میں ہی تیار کیے جانے چاہئیں، جبکہ ان کرایہ داری سمجھوتوں کی منظوری ڈیپارٹمنٹ آف اربن پلاننگ اینڈ میونسپیلٹیز سے کروانی لازمی ہے۔ ابو ظہبی پولیس کے مطابق گزشتہ دِنوں کرایہ داری سے متعلق فراڈ کے کئی کیس سامنے آئے ہیں، جن میں کئی افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے ، یہ لوگ کرایہ داری سمجھوتوں کے لیے جعلی شخصی شناخت یا جعلی کمپنیوں کا نام استعمال کر رہے تھے۔ جبکہ پولیس کی جانب سے بھی اس حوالے سے عوام کو باشعور کرنے کے لیے آگاہی مہم شروع کی گئی ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں