برطانیہ میں کورونا وائرس کا زور ٹوٹنے لگا

کورونا مریضوں میں واضح کمی سے لندن ایمرجنسی ہسپتال بند کرنے کا فیصلہ، 4 ہزار بیڈز پر مشتمل ایمرجنسی ہسپتال جدید سہولیات پرمبنی تھا، کورونا کی دوسری لہر کی صوت ہسپتال کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ غیرملکی میڈیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 4 مئی 2020 18:38

برطانیہ میں کورونا وائرس کا زور ٹوٹنے لگا
لندن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی 2020ء) برطانیہ میں کورونا وائرس کا زور ٹوٹنے لگا، کورونا مریضوں میں کمی کے باعث لندن ایمرجنسی ہسپتال بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، 4ہزار بیڈز پر مشتمل ایمرجنسی ہسپتال جدید سہولیات پرمبنی تھا، تاہم کورونا کی دوسری لہر کی صوت ہسپتال کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق برطانوی حکومت نے کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے لندن میں چار بیڈز پر ایمرجنسی ہسپتال قائم کیا تھا۔

لیکن کچھ دنوں سے نئے کیسز میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ جس کے باعث ہسپتال کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ہسپتال میں جدید سہولیات فراہم کی گئی تھیں۔ ہسپتال کو ایک ہفتے کی قلیل مدت میں تیار کیا گیا تھا۔ تاہم حکام نے اب اس ہسپتال کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، لیکن اگر کورونا کی دوسری لہر آئی تو ہسپتال کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

این ایچ ایس کے مطابق کورونا کے زیادہ مریض لندن کی نسبت شمالی برطانیہ میں ہیں۔

اس کے مقابلے میں لندن کے ہسپتالوں میں صرف 2023 مریض ہیں۔ جب ایمرجنسی ہسپتال قائم کیا گیا ہیلتھ حکام کا اندازہ تھا کہ وباء پھیلنے کی صورت میں7 ہزار وینٹی لیٹرز درکار ہوں گے۔ اس حساب سے ہزاروں کی تعداد میں طبی عملے اور سٹاف کی ڈیوٹیاں بھی لگائی گئی تھیں۔ برطانوی وزیراعظم نے بھی گزشتہ دنوں کہا تھا کہ کورونا وباء کا زور ٹوٹ گیا ہے۔ جس سے مریضوں میں کمی آ رہی ہے۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 35 لاکھ سے تجاوز کرگئی جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ 48 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ ملکوں میں اب تک 3,566,531 سے زائد کورونا کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 248,302 ہے۔ جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق عالمی سطح پر کورونا وائرس کے متاثرین میں سے 11 لاکھ سے زیادہ صحتیاب ہوچکے ہیں اور زیر علاج مریضوں کی تعداد 24 لاکھ ہے۔

امریکہ میں کل 1,157,945مریض ہیں جبکہ زیر علاج مریضوں کی تعداد 939,758 ہے۔ امریکہ میں اب تک کورونا وائرس سے 67,680 اموات ہوچکی ہیں۔ سپین میں 217,466 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں، زیر علاج مریضوں کی تعداد 73,300 ہے جبکہ 25,264 اموات ہوئی ہیں۔ اٹلی میں مجموعی مریضوں کی تعداد 210,717 ہے ان میں سے 100,179زیر علاج ہیں۔ اٹلی میں اب تک 28,884 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ برطانیہ میں 187,841 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں جن میں سے 158,421زیر علاج ہیں جبکہ اموات کی تعداد 28,520 ہے۔ فرانس میں 168,925افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں، زیر علاج مریضوں کی تعداد 93,140ہے جبکہ 24,900 اموات ہوئی ہیں۔

لندن میں شائع ہونے والی مزید خبریں