عالمی ٹریبونل نے ترک الیکٹرک کمپنی ’کار کے‘ کی جانب سے پاکستان کے خلاف 86 کروڑ ڈالر ہرجانے کا فیصلہ معطل کردیا

2012 میں سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد پاکستان نے ترک کمپنی کار کے سے رینٹل پاور پروجیکٹس کا کنٹریکٹ ختم کردیا تھا

ہفتہ 9 فروری 2019 20:41

عالمی ٹریبونل نے ترک الیکٹرک کمپنی ’کار کے‘ کی جانب سے پاکستان کے خلاف 86 کروڑ ڈالر ہرجانے کا فیصلہ معطل کردیا
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2019ء) عالمی ٹریبونل نے ترک الیکٹرک کمپنی ’کار کے‘ کی جانب سے پاکستان کے خلاف 86 کروڑ ڈالر ہرجانے کا فیصلہ معطل کردیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سرمایہ کاری سے متعلق تنازعات کے حل کے لیے بنائے گئے عالمی ٹریبونل ’آئی سی ایس آئی ڈی‘ نے پاکستان پر عائد شدہ 86 کروڑ ڈالر ہرجانے کی سزا کا اپنا ہی فیصلہ معطل کردیا، ترک کمپنی ’کارکے‘ نے پاکستان کے خلاف رینٹل پاور کیس میں مقدمہ دائر کیا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سزا معطل ہونے پر پاکستانی مذاکرات کاروں نے سکھ کا سانس لیا، 22 اگست 2017 کو ٹریبونل نے پاکستان کے خلاف کیس کا فیصلہ دیا تھا جس پر موجودہ حکومت نے نظرثانی کی اپیل دائر کی اور موقف اختیار کیا کہ وہ اس کیس میں نئے شواہد پیش کرنا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت نے اس کیس میں کرپشن کے تازہ شواہد اکٹھے کیے ہیں جن کی روشنی میں امید ہے کہ ٹریبونل پاکستان کے حق میں فیصلہ دیگا۔2012 میں سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد پاکستان نے ترک کمپنی کار کے سے رینٹل پاور پروجیکٹس کا کنٹریکٹ ختم کردیا تھا جس کے بعد ترک کمپنی نے عالمی ٹربیونل میں فروری 2013 میں مقدمہ دائر کیا تھا۔ کارکے کو پاکستان میں بجلی کے بحران سے نمٹنے کیلئے 560 ملین ڈالرز کا کنٹریکٹ دیا گیا تھا۔

واشنگٹن میں شائع ہونے والی مزید خبریں