Open Menu

Allah Aur Rasool Saw Ka Sher - Article No. 2541

Allah Aur Rasool Saw Ka  Sher

اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اللہ کا شیر - تحریر نمبر 2541

حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”قسم ہے اس اللہ پاک کی جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے ‘اللہ تعالیٰ کے نزدیک ساتویں آسمان پر لکھا ہوا ہے ۔”اللہ کا شیر اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا شیر․․․․․حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ۔“

جمعہ 26 اکتوبر 2018

حضرت حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چچا بھی ہیں اور رضائی بھائی بھی ۔آپ وہ عظیم المرتبت صحابی ہیں جنہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ”سید الشہداء “کا خطاب فرمایا۔آپ کے ایمان لانے کا واقعہ اس طرح ہے ۔
ایک روزابوجہل لعین نے حسب معمول نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو بہت ستا یا ۔بہت گالیاں بھی دیں ۔

حضرت حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ اس روز مکہ مکرمہ میں موجود نہیں تھے۔آپ ابھی مسلمان بھی نہیں ہوئے تھے مگر اس کے باوجود آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو بنی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بہت محبت تھی ۔
جب آپ واپس مکہ پہنچے تو کسی نے آپ کو ابوجہل کو زیادتی کے بارے میں بتایا۔یہ سن کر آپ جوش غضب میں فوراً ابوجہل کے پاس پہنچے ۔

(جاری ہے)

آپ نے جاتے ہی غصے میں اپنے کندھے سے لٹکی ہوئی کمان اتاری اور اتنے زور سے ابوجہل کے سر پر ماری کہ اس لعین کا سر پھٹ گیا۔

اس کے بعد حضرت حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا۔
”تو محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم )کو گالیاں دیتا ہے اور انہیں ایذا دیتا ہے ۔حالانکہ میں بھی ان کے دین پر ہوں ۔وہ جو کچھ فرماتے ہیں ‘میں بھی وہی کچھ کہتا ہوں ‘اگر تجھ میں ہمت ہے تو ذرا مجھے بھی گالیاں دے کر دیکھ۔“
حضرت حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو اس طرح غضب ناک دیکھ کر کسی میں اتنی ہمت نہ ہوئی کہ وہ آپ کو کچھ کہہ سکے ۔
اس کے بعد حضرت حمزہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں حاضر ہوئے اور بولے۔
”اے میرے پیارے بھتیجے ‘تمہیں خوش ہونا چاہئے کہ میں نے ابو جہل سے تمہارا بدلہ لے لیا ہے ۔“
یہ سن کر حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
”چچا جان‘میری خوشی تو اس بات میں ہے کہ آپ اسلام قبول کرلیں ۔“
یہ سن کر حضرت حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کلمہ پڑھا اور فوراً مسلمان ہو گئے ۔حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو حضرت حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے اسلام قبول کرنے کی بے انتہا خوشی ہوئی تھی ۔

Browse More Islamic Articles In Urdu