اقوام متحدہ خاموشی توڑ کر بھارت کی کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے، سردار ناصر عباسی

پیر 21 اکتوبر 2019 11:25

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) اقوام متحدہ خاموشی توڑ کر بھارت کی کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے، بھارت نے کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے، عالمی امن کے علمبردار ادارے مکمل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں، کشمیر میں پہلے سے 8 لاکھ فوج موجود تھی تاہم بھارت مزید 70 ہزار فوجیوں کو کشمیر بھیج کر نہتے معصوم لوگوں کو شہید کروا رہا ہے، انٹرنیٹ اور ٹیلی فون سروس مکمل طور پر بند کر کے کشمیریوں کی آواز کو مکمل طور پر دبایا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار اسلامی جمعیت طلبہ ایبٹ آباد کے سینئر رہنما سردار ناصر خان عباسی نے یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا اقوام متحدہ نوٹس لے، بھارت نے کشمیر میں کالے قانون نافذ کر کے کشمیر کے مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے قانون پاس کروا کر فلسطین کی طرح کشمیر میں بھی مکمل طور پر کشمیریوں کی نسل کشی کروانا چاہتا ہے، کشمیر کی عوام مکمل طور پاکستان کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے تقریباً 80 روز سے مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو لگا کر کشمیریوں کی زندگیوں سے کھیل رہا ہے، اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہیں، ایسا واقعہ مغرب کے کسی دوسرے حصہ میں ہوتا تو اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں متفقہ قراردادیں پاس کروا کر اس ملک کے خلاف سخت کارروائی کیلئے اکٹھی ہو چکی ہوتیں تاہم یہاں مسلمان ہیں اور مسلمانوں سے اقوام متحدہ کو کوئی دلچسپی نہیں۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں