ماڈرن ایج پبلک سکول اینڈ کالج ایبٹ آباد میں یوم مزدور کے سلسلہ میں تقریب ،مقررین نے شکاگو کے محنت کشوں پر روشنی ڈالی

بدھ 1 مئی 2024 22:00

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) ماڈرن ایج پبلک سکول اینڈ کالج ایبٹ آباد میں یوم مزدور کے سلسلہ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ یوم مزدور منانے کیلئے سکول کے اساتذہ، بچوں اور دیگر عملہ نے تقریب میں بھرپور شرکت کی۔ مقررین نے مزدوروں کے حقوق سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یوم مئی منانے کا مقصد شکاگو کے محنت کشوں کی کوششوں کو یاد کرنا ہے، اس کی تاریخ پرانی ہے، مئی 1886ءمیں شکاگو میں مزدوروں کے حقوق کیلئے ہونے والے ایک مظاہرہ کے دوران بم دھماکہ ہوا جس میں 7 پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد ہلاک ہوئے، شکاگو میں پیش آنے والے اس واقعہ کے بعد امریکہ میں مزدور یونین کے خلاف باقاعدہ ایک مہم کا آغاز کر دیا گیا، مزدوروں کے خلاف شروع کی گئی اس مہم کے خلاف عالمی سطح پر بھی ردعمل دیکھنے میں آیا۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں یکم مئی کے دن مزدوروں نے اس دن کی یاد میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کر دیا۔ مقررین نے کہا کہ لیبر ڈے یا یوم مزدور میں ملک بھر میں ملنے والی سرکاری چھٹی کا تعلق بھی انیسویں صدی میں شروع ہونے والی ان مزدوروں کے حقوق کی تحریک سے ہے۔ یاد رہے کہ یکم مئی کو ملک بھر میں کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند ہوتے ہیں جبکہ وفاقی اداروں سمیت نجی اداروں میں اس روز مکمل تعطیل ہوتی ہے۔

مقررین نے اس موقع پر محنتی معاون عملہ کو خراج تحسین پیش کیا جو ہمارے ادارہ کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ تقریب کے دوران بچوں نے تلاوت بمعہ ترجمہ، حدیث، متاثر کن تقاریر، رول پلے، پوسٹر ڈسپلے اور شاندار ٹیبلو پیش کئے۔ پری پرائمری، پرائمری اور سب سینئر سیکشنوں کے طلبہ نے جوش و خروش کے ساتھ تقریب میں حصہ لیا، تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچوں نے معاون عملہ کی انتھک کوششوں کی تعریف کی۔

تقریب کی خاص بات ہمارے مستحق عملہ کے ممبران کو پیش کی جانے والی محبت کا نشان تھا جو ان کی بے لوث خدمات کیلئے تشکر کا ایک چھوٹا سا اشارہ تھا۔ مقررین نے تقریب کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے ہمارے ہونہار طلبائ، سرشار عملہ اور معاون انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر خصوصی خصوصی اسمبلی کا اہتمام کیا گیا جس میں قابلیت اور شکر گزاری کا ایک متحرک مظاہرہ تھا۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں