اٹک، پاکستان کی اقلیتیں خصوصاً عیسائی برادری کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، شیریں اسلم

اتوار 18 اگست 2019 18:25

اٹک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2019ء) ضلعی ممبر ہیومن رائٹس پنجاب و چیئرپرسن سیو دی یوتھ مس شیریں اسلم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیسائی، ہندو اور سکھوں سمیت پاکستان کی دیگر اقلیتوں نے 14اگست کو یومِ آزادی کو یومِ یکجہتیء کشمیر اور 15اگست کو یومِ سیاہ منا کر اپنے جذبہء حب الوطنی کا مظاہرہ کیا ہے، پاکستان کی اقلیتیں خصوصاً عیسائی برادری کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر فورم پر ان کی آواز اٹھانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کسی صورت کشمیر پر قبضہ نہیں کر سکتا، مودی کے اقدام نے دنیا کے سامنے ہندو بنیے کا گھناؤنا چہرہ بے نقاب کر دیا ہے، ہندوستان کبھی بھی کشمیر یوں پر ہونے والے مظالم کو دنیا کی نظروں سے نہیں چھپا سکتا، حریت لیڈروں اور کشمیری عوام نے جدوجہد ِ آزادی کی آبیاری اپنے خون سے کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کو دنیا سے چھپانا ناممکن ہے، عالمی برادری کو اب اس مسئلے کی سنگینی کا خود اندازہ لگانا ہو گا، اب مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا درست وقت آن پہنچا ہے، ہندوستان نے آرٹیکل 370 اور 35A کو صدارتی حکمنامے سے معطل کر کے کشمیریوں پر شبخون مارا ہے لیکن وہ نہیں جانتا کہ اس کے ظلم و بربریت کشمیریوں کو نیا عزم اور حوصلہ دیں گے اور وہ اپنی جدوجہد میں تیزی لائیں گے۔

اٹک میں شائع ہونے والی مزید خبریں