سائفر کیس،عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع

سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے ایف آئی اے کو جلد چالان جمع کروانے کا حکم دے دیا

Abdul Jabbar عبدالجبار منگل 26 ستمبر 2023 10:47

سائفر کیس،عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع
اٹک (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 26 ستمبر 2023ء) سائفر کیس،عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف اٹک جیل میں سائفر کیس کی سماعت ہوئی،سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔ لطیف کھوسہ اور نعیم پنجوتھا سمیت چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم میں شامل دیگر وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے ایف آئی اے کو جلد چالان جمع کروانے کا حکم دے دیا۔ سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ جبکہ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں سائفر کیس کے سلسلے میں پیش کیا گیا،عدالت نے شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 10 اکتوبر تک توسیع کر دی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل سائفر کیس میں عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کی گئی تھی۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف اٹک جیل میں سائفر کیس کی ان کیمرا سماعت ہوئی،آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کی،اور چیئرمین پی ٹی آئی کو 26 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے عمران خان کیخلاف کیس کی سماعت کے بعد اسلام آباد میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کیخلاف بھی سائفر کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 ستمبر تک توسیع کی تھی۔ جبکہ عدالت نے ایف آئی اے کی دائر درخواست پر محفوظ سناتے ہوئے قرار دیا کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت الگ الگ سنی جائے گی۔

آواران میں شائع ہونے والی مزید خبریں