پاکستان پیپلز پارٹی حکومت بنانے جا رہی ہے، وزیراعظم اور چاروں وزرائے اعلی جیالے ہوں گے،بلاول

ہم نفرت، تقسیم اور انتقام کی سیاست نہیں کریں گے۔ ہم سب کو متحد کرکے مسائل حل کریں گے،عمران خان نے 50 لاگھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اس پر عمل نہیں کیا، بلاول بھٹو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 15 جنوری 2024 00:04

پاکستان پیپلز پارٹی حکومت بنانے جا رہی ہے، وزیراعظم اور چاروں وزرائے اعلی جیالے ہوں گے،بلاول
خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جنوری2024ء) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عوام کو عام انتخابات کے بعد ملک میں حقیقی "عوامی راج" کے قیام کی نوید دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت بنانے جا رہی ہے، وزیراعظم اور چاروں وزرائے اعلیٰ جیالے ہوں گے، پی پی پی چیئرمین نے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے لیے نامزد پارٹی امیدواروں سے عوامی کے سامنے حلف لیا ہے کہ وہ الیکشن میں کامیابی کے بعد اپنے حلقوں کی عوام کو بھولیں گے نہیں، بلکہ ان کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی ذمہ داری نبھائیں گے۔

پی پی پی چیئرمین نے عام انتخابات کے حوالے سے خیرپور میں منعقد تاریخی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو ہونے والے الیکشن سے قبل ہے خیرپور کی عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

8 فروری کو بھی آپ اسی جذبے کے ساتھ نکلے تو کوئی طاقت جیالوں کا راستہ نہیں روک سکتی۔ انہوں نے قائدعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا بھرپور ساتھ دینے پر خیرپور کے جیالوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان مشکل میں اور عوام تکلیف میں ہیں۔ ایک طرف تاریخی بے روزگاری، مہنگائی اور غربت ہے، تو دوسری جانب دہشتگردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے سیاستدانوں کی نفرت و انتقام کی سیاست نے پورے ملک کو تقسیم کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نفرت، تقسیم اور انتقام کی سیاست نہیں کریں گے۔

ہم سب کو متحد کرکے مسائل حل کریں گے۔ دیگر جماعتوں کے پاس نہ نظریہ ہے اور نہ ہی منشور ہے۔ انہیں عوام کی تکالیف کا احساس تک بھی نہیں ہے۔ ان کا ایک ہی منشور ہے کہ وہ خود کو جیل سے کیسے بچائیں۔پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ میں قائدِعوام کا نواسہ ہوں، میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا بیٹا ہوں۔ میرا مقابلہ کسی سیاستدان سے نہیں ہے، میرا مقابلہ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے ہے۔

جو وعدہ قائدِ عوام نے کیا تھا میں اس وعدے کو اپنے ہاتھوں سے پورا کروں گا۔ انہوں نے اپنے 10-نکاتی الیکشن منشور کو عوام کے ساتھ ایک معاشی معاہدہ قرار دیا اور عوام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ میرا ساتھ دیں، میری حکومت بنائیں، میں اپنا وعدہ پورا کروں گا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی تقریر میں اپنے 10-نکاتی منشور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہوں میں دگنا اضافہ، تعلیم اور صحت کی معیاری و مفت سہولیات کی فراہمی، غریب خاندانوں کو بجلی کے 300 یونٹس ماہانہ مفت فراہمی، محنت کشوں کی مالی معاونت کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافے کے ساتھ ساتھ کسان کارڈ اور مزدور کارڈ کا اجرا، نوجوانوں کے لیے یوتھ کارڈز کا اجرا اور یوتھ سینٹرز کے قیام کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں بھوک مٹاو پروگرام کا آغاز ان کی حکومت کی اولین ترجیحات ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ میں ابھی لاہور سے آیا ہوں، وہاں گمبٹ جیسا ایک بھی اسپتال نہیں ہے۔ میرا یہ خواب ہے کہ پورے ملک کی عوام کے لیے صحت کی معیاری اور مفت سہولیات میسر ہوں۔پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عمران خان نے 50 لاگھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اس پر عمل نہیں کیا۔ میرے پاس ایک سال تھا، دنیا بھر سے فنڈز اکٹھے کیے اور سیلاب متاثرین کے لیے گھر بنائے۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت سے ہماری شکایت ہے کہ انہوں نے الیکشن کی آڑ میں سندھ میں جہاں دیگر ترقیاتی منصوبے روک دیئے ہیں، وہاں سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر کا کام بھی روک دیا ہے۔ انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر کے حوالے سے بیوروکریسی کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)والے کہتے ہیں کہ ملک میں پیسہ نہیں ہے۔

انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی حکومت ان 17 وزارتوں کو بند کردے گی جن کا 18 ویں ترمیم کے بعد مرکز میں قائم رہنا بلاجواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ وزارتوں پر خرچ ہونے والے 300 ارب روپے اور اشرافیہ کو سبسڈیز کی مد میں ملنے والے 1500 ارب روپے کی خطیر رقم کو عوام کی ترقی و بھبود پر سرمائیکاری کی جائے گی۔ میں آپ کا حق اسلام آباد سے چھین کر آپ کو دلاوں گا۔

ہمیں عوام کو معاشی مشکلات سے نکالنا ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے عوام کو اپیل کی کہ وہ 8 فروری کو ہونے والے الیکشن میں ان کی جماعت کو بھرپور کامیابی دلوائیں۔ ہم مِل کر ہر سازش کا مقابلہ کریں گے، انا کی سیاست اور تقسیم کی سیاست کو دفن کریں گے، ہم عوام کی خدمت کی سیاست کریں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ضلع خیرپور اور ضلع سکھر کے قومی و صوبائی اسیمبلیوں کے حلقوں پر نامزد پی پی پی امیدواروں سید قائم علی شاہ، سید خورشید احمد شاہ، نفیسہ شاہ، ناصر حسین شاہ، فرخ شاہ، اویس شاہ، سید فضل شاہ، سید جاوید شاہ، ساجد علی بھانبھن، شیراز راجپر، سید بچل شاہ، ہالار وسان، نعمان اسلام شیخ اور نعیم کھرل کو عوام کے سامنے کھڑا کرکے ان سے حلف لیا کہ وہ الیکشن جیتنے کے بعد عوام کو نظرانداز نہیں کریں گے، اقربا پروری نہیں کریں گے، عوام سے کیئے ہوئے وعدے نہیں بھولیں گے، بلکہ عوام کی خدمت کا فرض نبھائیں گے۔

آواران میں شائع ہونے والی مزید خبریں