بلوچستان کی ترقی پا کستان کی کامیابی ہے،آرمی چیف

عوام کیساتھ مل کر امن و خوشحالی کا سفر جاری رکھیں گے،زراعت ملکی ترقی میں اہمیت رکھتی ہے، پاک فوج گرین پاکستان انیشیٹو میں تعاون جاری رکھے گی،جنرل عاصم منیر کاعمائدین وجوانو ں سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 8 مارچ 2024 10:07

بلوچستان کی ترقی پا کستان کی کامیابی ہے،آرمی چیف
آوارن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 مارچ2024 ء) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی کامیابی ہے،عوام کیساتھ مل کر امن اور خوشحالی کا سفر جاری رکھیں گے،زراعت ملکی ترقی میں اہمیت رکھتی ہے، پاک فوج گرین پاکستان انیشیٹو میں تعاون جاری رکھے گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے ضلع آواران کا دورہ کیا، کور کمانڈر بلوچستان نے آرمی چیف کا استقبال کیا اور انہیں سکیورٹی کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنے دورے کے دوران شہداءکے اہل خانہ، مقامی عمائدین اور کسانوں سے بات چیت بھی کی۔ آرمی چیف کو پاک فوج کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو پاک فوج کی صوبہ میں سماجی، اقتصادی اور زرعی ترقی کے حوالے سے کی گئی کارروائیوں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے اس موقع پر عمائدین اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو زرعی سہولیات، آسان شرائط پر قرض، بیج، کھاد فراہم کی جائے گی، کسانوں کو سولر ٹیوب ویلز اور زرعی ماہرین کی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی، کسانوں کو ملکی ترقی میں شراکت دار بنانے اور کاشتکاری کیلئے رہنمائی بھی دی جائے گی۔ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج بلوچستان میں سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر ترقی اور امداد کا عمل جاری رکھے گی ۔

آرمی چیف نے بلوچستان کے عوام کیلئے ایک اور کیڈٹ کالج بنانے کو بھی سراہا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کیڈٹ کالج آواران کا افتتاح کیا اور کالج کے اساتذہ اور طلبا سے بھی ملے۔ آرمی چیف نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بلوچستان کے بہادر لوگوں پر فخر ہے، یہ بہادر ہر مشکل میں ثابت قدمی سے ڈٹے رہے، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے ساتھ مل کر امن اور خوشحالی کا سفرجاری رکھیں گے۔آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاک فوج شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے، سکیورٹی کی فراہمی اور بھلائی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔آرمی چیف نے شہدا کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا۔

آواران میں شائع ہونے والی مزید خبریں