ارسا پنجاب کو 58 فیصد ان کے حصے سے زائد پانی دے رہا ہے جبکہ ارسا سندھ صوبے کو ان کے حصے سے بھی 27 فیصد کم پانی دے رہا ہے، سہیل انور سیال

پانی چوروں کے خلاف آپریشن کر رہے ہیں جہاں بھی پانی چوری ہو ان کی وڈیو بنا کر دی جائے 72 گھنٹوں میں ایکشن لیا جائے گا ، صوبائی وزیر کی پریس کانفرنس

بدھ 16 جون 2021 23:38

بدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) چیئرمین بلال بھٹو زرداری کی ہدایات پر آبپاشی اوقاف اور عشر زکوات کے صوبائی وزیر سہیل انور سیال ایک دن کے دورے پر بدین ضلع کی تحصیل شہید فاضل راہو پہنچے ۔ دورے کے دوران ایریگیشن کے ایکسین آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ارسا پنجاب کو 58 فیصد ان کے حصے سے زائد پانی دے رہا ہے جبکہ ارسا سندھ صوبے کو ان کے حصے سے بھی 27 فیصد کم پانی دے رہا ہے جس کے باعث کوٹری بیراج پر پانی نہیں پہنچ رہا ارسا مسلسل سندھ سے زیادتی کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کجھ دن پہلے اپوزیشن لیڈر کی جانب سے 1976 کی منظور ہونے والی لفٹ مشین پر کھڑے ہو کر ڈرامہ رچایا گیا کہ یہ غیرقانونی ہے لوگوں کو غلط گائیڈ کیا جا تا ہے انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی معاملات کی وفاقی وزیر بدین سے تعلق رکھتی ہیں ان کا فرض ہے کہ صوبوں کے درمیاں زیادتی نہ ہونے دیں اور سندھ کے حقوق کی بات کریں مگر وہ کہتی ہیں ارسا زیادتی نہیں کر رہا بلکہ سندھ میں پانی چوری ہو رہا ہے وہ بدین کے لیئے ایک ایل بی او ڈی کی اسکیم بھی نہ دلا سکی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ورلڈ بینک کے تعاون سے اکرم واہ کی ریماڈلنگ کے لیئے بجیٹ میں 80 ارب روپے کا پروجیکٹ رکھا گیا ہے جبکہ بدین میں ایل بی او ڈی اور واٹر لائیننگ کے لیئے 10 ارب روپے رکھے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ اکرم واہ پر 47 فیصد اور نیو پھلیلی پر 39 فیصد پانی کی کمی ہے انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت کو ختم کرنے کے لئے نہروں کی کھدائی کرائی گئی ہے لیکن پانی کی کمی تب ختم ہو گی جب وفاق سندھ کو ان کے حصے پورا پانی دے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پانی چوروں کے خلاف آپریشن کر رہے ہیں جہاں بھی پانی چوری ہو ان کی وڈیو بنا کر دی جائے 72 گھنٹوں میں ایکشن لیا جائے گا ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہنواز خان ، ایم پی اے تاج محمد ملاح ، معاون خصوصی وزیر اعلی سندھ پیر نوراللہ قریشی، سیڈا چیئرمین باسط علی سومرو، چیئرمین لیفٹ بینک کینال ایریا واٹر بورڈ قبول محمد کھٹیان، ڈائریکٹر لیفٹ بینک کینال میر غلام علی ٹالپر، ایس ایس پی شبیر احمد سیٹھار، صدر پی پی پی حاجی رمضان چانڈیو جنرل سیکریٹری سائین بخش جمالی، پی پی پی رہنما نواز چانڈیو اسلم راہو اور دیگر افسران کے علاوہ بڑی تعداد میں پی پی پی کارکن بھی موجود تھے۔

بدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں