جی ڈی اے کا یومِ سیاہ، سندھ بھر میں اتحادی جماعتوں کی ریلیاں اور دھرنے کارکنوں پر پولیس کے لاٹھی چارج کی شدید مذمت

منگل 27 فروری 2024 21:37

بدین /خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2024ء) مبینہ انتخابی دھاندلیوں کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں میں گرینڈ ڈیموکریٹ الائنس (جی ڈی ای)اور اس کی اتحادی جماعتوں کی جانب سے دھرنے دیے گئے اور احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔خیرپور میں 8 فروری 2024 کو ہوئے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں اور نتائج تبدیل کرنے کے خلاف جی ڈی اے نے یوم سیاہ مناتے ہوئے مریم توب سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی۔

ریلی کی قیادت سابق سندھ حکومت کے مشیر خادم حسین آرادین، جماعت اسلامی کے رہنما ممتاز حسین سہتو، مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما امام بخش پھلپوٹو، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے رہنما فیاض خمیسانی ایڈووکیٹ، جے یو آئی کے مولانا اویس احمد پھلپوٹو ، جی ڈی اے کے ڈاکٹر پیارو خان پھلپوٹو، رکن ضلع کونسل صابر حسین مہیسر اور دیگر نے کی۔

(جاری ہے)

مشیر خادم حسین آرادین اور دیگر رہنماؤں نے اپنی تقریروں میں کہا کہ 8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں ریکارڈ دھاندلیاں کی گئیں اور انتخابی نتائج تبدیل کیے گئے، کراچی میں پر امن احتجاج پر جی ڈی اے کے کارکنوں اور امن پسند سیاسی خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ان کی تذلیل کی گئی اور ان کو گرفتار کر کے تھانوں میں بند کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے کی قیادت نے اس طرح کی زیادتیوں کے خلاف سندھ میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا، جس پر ہم احتجاج کرنے نکلے ہیں۔انہوںنے کہا کہ 8 فروری کے انتخابات کے نتائج کو ہم نہیں مانتے، ان الیکشن کے نتائج کو منسوخ کرکے دوبارہ صاف شفاف انتخابات کرائے جائیں ورنہ ہمارا احتجاج جاری رہے گا اور جی ڈی اے کے کارکن قیادت کے احکامات پر عمل درآمد کر تے رہیں گے۔

اس کے علاوہ اوباڑو، خانپور مہر، میرپور ماتھیلو سمیت گھوٹکی کے کئی اضلاع میں جمعیت علما اسلام اور جی ڈی اے کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔مظاہرین نے مختلف مقامات سے احتجاجی ریلیاں نکال کر پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا اور سندھ حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔مظاہرین نے کہا کہ جے یو آئی اور جی ڈے اے کے پر امن مظاہرین پر کراچی پولس کا لاٹھی چارج کھلی دہشتگردی ہے، پولیس عوام کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے ذرداری مافیا کو تحفظ فراہم کر رہی ہے، پولیس کو چاہئے امن و امان پر توجہ دے اور آئی جی سندھ اور اعلی حکام کراچی میں لاٹھی چارج کا نوٹس لیں۔

بدین میں بھی الیکشن میں مبینہ دھاندلی اور کراچی میں کارکنان پر ہونے والے تشدد کے خلاف جی ڈی اے اور دیگر اتحادی جماعتوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا گیا۔بدین پریس کلب کے سامنے کیے جانے والے مظاہرے میں جماعت اسلامی، جے یو آئی ف، مرزا گروپ، قومی عوامی تحریک اور جی ڈی اے میں شامل دیگر اتحادی جماعتوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور بعد میں دھرنا دیا گیا۔

اس موقع پر شرکا نے کہا کہ 8 فروری کو ہونے والے جنرل الیکشن میں ہونے والی مبینا دھاندلی کے خلاف آج کے دن کو یوم سیاہ کے دن کے طور پر منا رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق ہے اور کراچی میں پر امن احتجاج پر پولیس کی جانب سے تشدد کیا گیا جس میں خواتین مرد اور ہمارے رہنما زخمی ہوئے جس کی جتنی بھی مزمت کی جائے وہ کم ہے۔

بدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں