بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پیپلزپارٹی کا انقلابی پروگرام ہے، سلیکٹڈوزیراعظم اسے بیت المال اور زکواة میں ضم کرکے ختم کرنا چاہتے ہیں،پیپلزپارٹی ضلع بہاول پور

پیر 20 جنوری 2020 23:03

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی ضلع بہاول پور کے صدر شاہ رخ ملک،جنرل سیکرٹری ارشاد احمد سرویا اور سیکرٹری اطلاعات ملک شاہ محمد چنڑ نے کہا ہے کہ غربت کے خاتمہ کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پیپلزپارٹی کا انقلابی پروگرام ہے اور سلیکٹڈوزیراعظم اسے بیت المال اور زکواة میں ضم کرکے ختم کرنا چاہتے ہیں جو غریب دشمنی کی انتہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو آئینی و قانونی تحفظ حاصل ہے اور اس کے خاتمہ کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں غربت،مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ ایک شخص نے سلیکٹیڈ وزیراعظم عمران نیازی کی گاڑی کے سامنے آ کر خودکشی کرنے کی کوشش کرکے تبدیلی کا جنازہ نکال دیا ہے جو بدمست حکمرانوں کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگی اور اس سے بڑھ کر پوری قوم کے لیے افسوسناک بات یہ ہے کہ غریبوں کا دم بھرنے والے یوٹرن وزیراعظم نے غریب کیلئے ایک سیکنڈ رکنا بھی گوارا نہ کیا اور نہ ہی اس کی فریاد سننے اور داد رسی کے لیے کوئی احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بینظیر انکم سپورٹ ایک مکمل سوشل سکیورٹی کا پروگرام ہے اس سے 70 لاکھ مستحق خاندان مستفید ہو رہے ہیں اور اس کے لیے وسائل بینظیر بھٹو شہید نے بین الاقوامی چیرٹی پروگرامز سے حاصل کیے تھے اس لیے اس وسیع اور جامع فلاحی پروگرام کو نہ ن لیگ ختم کر سکی نہ ہی تحریک انصاف بند کر سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر حکمرانوں نے آمرانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے اور عوامی امنگوں کے برعکس بینظیر انکم سپورٹ پرگرام کو بند کرنے کی جسارت کی تو پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بھرپور مزاحمت کرے گی اور 70 لاکھ متسحق خاندانوں کے کروڑوں افراد احتجاج کی راہ پر گامزن ہو کر تخت بنی گالا کے در و دیوار ہلا کر رکھ دیں گے۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں