ش* صحافی کا قتل ،صوبائی وزیر خوراک عبدالرحمان کھیتران کیخلاف مقدمہ درج

ہفتہ 25 جولائی 2020 22:10

بارکھان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2020ء) بلوچستان کے ضلع بارکھان میں سوشل میڈیا ایکٹوسٹ انور جان کھیتران کے قتل کا مقدمہ صوبائی وزیر خوراک و بہبود آبادی عبدالرحمان کھیتران کیخلاف لیویز تھانہ میں درج کرلیا گیا۔مقدمے میں مقتول کے بھائی کا الزام ہے کہ صوبائی وزیر کے مظالم اور کرپشن کیخلاف سوشل میڈیا پر لکھنے پر انور کو قتل کیا گیا تاہم عبدالرحمان کھیتران نے واقعہ میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے لیویز کے مطابق بارکھان میں صحافی انور جان کے قتل کا واقعہ 23 جولائی کی شام کو پیش آیا تھا، انہیں موٹر سائیکل پر گھر جاتے ہوئے ناہڑ کوٹ کے مقام پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایالیویز کے مطابق واقعے کا مقدمہ لیویز تھانہ ناہڑ کوٹ میں مقتول کے بھائی غلام سرور کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، جس میں نادر خان اور آدم خان نامی افراد کو نامزد کیا گیا ہے مدعی کا دعوی ہے کہ واقعے میں ملوث دونوں افراد صوبائی وزیر عبدالرحمان کے محافظ ہیں، جس کی بنیاد پر مدعی غلام سرور نے مقدمے میں صوبائی وزیر عبدالرحمان کھیتران کو بھی نامزد کرتے ہوئے لیویز کو بیان دیا ہے کہ ان کے بھائی کے قتل کی وجہ صحافت بنی ہے، صوبائی وزیر نے انور کھیتران کو صحافت سے باز آنے کا کہا تھا۔

(جاری ہے)

غلام سرور نے الزام لگایا کہ ہمیں شک نہیں بلکہ یقین ہے کہ انور جان کھیتران کا قتل صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کے کہنے پر ان کے کارندوں نے کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دو تین ماہ قبل سردار عبدالرحمان کھیتران اور ان کے کارندوں نے ٹیلیفون کرکے سوشل میڈیا پر ان کیخلاف لکھنے پر انور کو دھمکیاں دی تھیں۔وزیر خوراک و بہبود آبادی بلوچستان عبدالرحمان کھیتران نے الزامات کی تردید کردی انہوں نے کہا کہ انور جان یا ان کے خاندان سے میری کوئی دشمنی تھی اور نہ ہی قتل کے اس واقعے سے میرا یا میرے کسی محافظ کا کوئی تعلق ہے۔

بارکھان میں شائع ہونے والی مزید خبریں