پنجاب کے تمام بلدیاتی ادارے قانونی وآئینی طور پر 26 دسمبر 2021 کو ختم ہو جائیں گے، صوبائی وزیر میاں محمودالرشید

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 18:48

بورے والا۔23اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2021ء) :صوبائی وزیر بلدیات  میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں پیچیدگی کی وجہ سے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کو فعال ہونے میں تاخیر ہوئی ، حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا مکمل احترام کرتے ہوئے ان اداروں کو مکمل اختیارات کے ساتھ بحال اور فعال کردیا ہے،  بلدیاتی اداروں کے سربراہان کو گاڑیوں اور دفاتر کی فراہمی بھی یقینی بنائی جارہی ہے، پنجاب کے تمام بلدیاتی ادارے قانونی اور آئینی طور پر 26 دسمبر 2021 کو ختم ہو جائیں گے،  بہت سے چئیرمین سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ گئے ہوئے ہیں جنکا فیصلہ بھی عدالتی احکامات کی روشنی میں ہی ہوگا، نئے بلدیاتی ایکٹ میں مزید ترامیم لے کر آ رہے ہیں جس کے بعد جب الیکشن کمیشن چاہے وہ انتخابات کا اعلان کر سکتا ہے، پی ٹی آئی ہر وقت الیکشن میں حصہ لینے کے لئے تیار ہے،  نوٹیفکیشن میں اگر سپریم کورٹ کسی ترمیم کا حکم دے گی تو اسکے مطابق عمل کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے ایم این اے طاہر اقبال چوہدری کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد مقامی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صوبائی پارلیمانی برائے خوراک رائے ظہور احمد کھرل بھی موجود تھے،  میاں محمود الرشید نے کہا کہ مہنگائی اس وقت پوری دنیا کا مسئلہ ہے لیکن حکومت اس کے تدارک کے لئے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے ، حکومت غریب مستحق خاندانوں اور عام آدمی کو آٹا،گھی، چینی اور دیگر اشیاء پر سبسڈی دے رہی ہے اور انکی مشکلات کے ازالہ سے ہرگز غافل نہیں ہے۔

بُورے والا میں شائع ہونے والی مزید خبریں