چاغی،ضلع چاغی کے صحافیوں کا وفد اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ مکمل کرکے واپس پہنچ گیا

جمعہ 19 نومبر 2021 14:53

چاغی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2021ء) ضلع چاغی کے صحافیوں کا وفد اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ مکمل کرکے واپس پہنچ  گیا۔ دالبندین پریس کلب کے سابق صدر علی رضا رند کی قیادت میں چاغی، دالبندین، نوکنڈی اور تفتان کے 14 مقامی صحافیوں کے وفد نے اپنے مطالعاتی دورے کے موقع پر چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری، بلوچستان نیشنل پارٹی کےاراکین قومی اسمبلی حاجی محمدہاشم نوتیزئی، آغا حسن بلوچ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر مولابخش چانڈیو سمیت قومی اسمبلی اور سینیٹ کے متعدد اراکین سے ملاقات کرکے پارلیمنٹ ہاؤس، پاکستان ٹیلی ویژن اور اسلام آباد کے مختلف سیاحتی مقامات کا دورہ کرکے سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس بھی دیکھا۔

(جاری ہے)

اس دورے کے موقع پر چاغی کے مقامی صحافیوں کو چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی کا خصوصی تعاون حاصل رہا جنہوں نے مقامی صحافیوں سے ملاقات کے دوران دالبندین، نوکنڈی، چاغی اور تفتان میں پریس کلبز کے لیے بلڈنگ تعمیر کروانے کا اعلان بھی کیا جبکہ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری نے صحافیوں کو جدید سہولیات کی فراہمی کا وعدہ کیا۔ اپنے دورے کے موقع پر مقامی صحافیوں نے مری اور لاہور کا بھی مختصر دورہ کیا۔

چاغی میں شائع ہونے والی مزید خبریں