بنیادی سہولیات سے محروم عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، صوبائی وزیر خزانہ میر محمدعارف محمدحسنی

جمعرات 20 ستمبر 2018 17:34

چاغی۔ 20ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر خزانہ میر محمدعارف محمدحسنی نے کہا ہے کہ سالوں سے بنیادی سہولیات کو ترسے عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، اب عوام کا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے خرچ ہوگا اور اس مقصد کے لیے ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا، اپنے حلقہ انتخاب چاغی کا نقشہ بدلنا چاہتا ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی ریسٹ ہاؤس دالبندین میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا جہاں لوگوں کی بڑی تعداد نے اپنے مسائل پر مشتمل درخواستیں پیش کیں جن میں متعدد پر انہوں نے بروقت احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر سردار زادہ میر عٴْمیر محمدحسنی سمیت ضلعی افسران بھی وہاں موجود تھے۔ صوبائی وزیر خزانہ میر محمدعارف محمدحسنی نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے جو کچھ کیا گیا اب ایسا نہیں چلے گا نہ کرپشن کروں گا اور نہ ہی کرپشن کرنے دوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں بھی لوگوں کو پانی، صحت، تعلیم اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ان کی فراہمی اولین ترجیح ہے جبکہ امن و امان پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا اس سلسلے میں پولیس اور انتظامیہ کے افسران کو ہدایت کردی ہے کہ وہ لوگوں کے جان و مال کی تحفظ کے لیے کوئی بھی انتہائی اقدام اٹھانے سے گریز نہ کریں کیونکہ اب جرائم پیشہ عناصر کو کسی قسم کی سیاسی پشت پناہی نہیں ملے گی. انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر شفاف طریقے سے کام کرایا جائے گا اور اس سلسلے میں ہر قسم کی کمیشن خوری کا تدارک کرکے عوامی منصوبوں کو پایہ دار بنایا جائے گا. انہوں نے کہا کہ اپنے دورے کے دوران چاغی، نوکنڈی، تفتان اور گرد و نواح کے علاقوں میں ازخود جاکر کھلی کچہریاں لگاؤں گا تاکہ وہاں کے لوگوں کے مسائل بھی معلوم کرسکوں۔

چاغی میں شائع ہونے والی مزید خبریں