کلرکہار کے قریب موٹروے پر خوفناک حادثہ‘ 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق

حادثہ سالٹ رینج میں ٹریلر کی بریک فیل ہونے سے پیش آیا‘ جاں بحق افراد راولپنڈی سے گوجرہ میلے پر جا رہے تھے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 18 ستمبر 2022 13:10

کلرکہار کے قریب موٹروے پر خوفناک حادثہ‘ 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق
کلرکہار ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 ستمبر 2022ء ) کلرکہار کے قریب موٹروے پر خوفناک ٹریفک حادثے میں 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق موٹر وے پر حادثہ سالٹ رینج میں ٹریلر کی بریک فیل ہونے سے پیش آیا، ٹریلر میں سوار ایک ہی فیملی کے افراد راولپنڈی سے گوجرہ جا رہے تھے، جاں بحق تمام افراد سرکس میں کام کرتے تھے اور میلے پر جا رہے تھے، موٹروے پولیس اور ریسکیو 1122 نے تمام مریضوں اور جاں بحق افراد کو ٹراما سنٹر ہسپتال کلرکہار منتقل کر دیا۔

اسی طرح صوبہ پنجاب کے شہر میاں چنوں میں 28 والہ موڑ کے قریب فرنس آئل سے بھرا ٹینکر الٹ گیا، جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمدروفت معطل ہوگئی جب کہ ریسکیو 1122 کے جوانوں نے موقع پر پہنچ کر جائے حادثہ کو ہرقسم کی آمدروفت کیلئے بند کردیا، ریسکیو اہلکاروں نے راستہ صاف کرنے کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ دنوں ملتان سکھر موٹر وےپر مسافر بس اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم ہوا تھا ،جہاں ملتان سکھر موٹروے پر ڈائیوو سلیپر بس تیز رفتاری کے دوران آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، حادثے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے ،حادثے کے مقام پر موٹروے ایم 5 کئی گھنٹے بند رہی جبکہ صدر مملکت عارف علوی،وزیر اعظم شہباز شریف نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق تصادم کے نتیجے میں آئل ٹینکر اور بس کو آگ لگ گئی،آگ اس قدر شدید اور خوفناک تھی کہ دور سے دکھائی دے رہی تھی، جلتی ہوئی گاڑیوں سے بیشتر مسافروں کو زندہ نکالا گیا اور انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا،امدادی ٹیموں کو آگ بجھانے میں کئی گھنٹے لگے، آئی جی خالد محمود کی ہدایات پر موٹروے پولیس نے ایمرجنسی کراسسز سینٹر بنا دیا ۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں