کلرکہار، باراتیوں کی بس کو حادثے کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق ہو گئے

بریک فیل ہونے سے بس بے قابو ہو کر مخالف سمت سے آنے والی گاڑیوں سے ٹکرا کر الٹ گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 20 فروری 2023 14:00

کلرکہار، باراتیوں کی بس کو حادثے کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق ہو گئے
کلرکہار (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 20 فروری 2023ء) کلرکہار کے قریب بس حادثے کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق موٹر وے ایم ٹو پر کلر کہار کے قریب بس حادثہ میں 15 افراد جاں بحق جب کہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔بس میں باراتی سوار تھے،جاں بحق ہونے والوں میں 6 خواتین بھی شامل ہیں۔ موٹروے پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق 49 سیٹر بس میں 49 ہی سواریاں سوار تھیں کہ کلر کہار کے قریب بریک فیل ہونے سے بس بے قابو ہو کر مخالف سمت سے آنے والی گاڑیوں سے ٹکرا کر الٹ گئی - ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ کے دوران مخالف سمت سے آنے والی دو کاریں اور ایک شہزور پک اپ بھی زد میں آگئیں، ڈی آئی جی موٹروے محمد یوسف کی سربراہی میں موٹر وے پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور جائے حادثہ پر موجود رہ کر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی- ترجمان نے کہا کہ اندھیرا ہونے کے باعث امدادی سرگرمیوں میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ بس اسلام آباد سے لاہور جارہی تھی،بس میں باراتی سوار تھے، بس کو نکال لیا گیا ہے،ایک لین بند ہے جبکہ دو لینز میں ٹریفک چل رہی ہے، موٹروے پولیس اوردیکر ریسکیو اداروں نے ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا ہے ۔ابتدائی تفتیش کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غفلت لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کلر کہار میں بس حادثے پر افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ پی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آنے والےحادثے پر دلی دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعظم نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور ان کے اہلخانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی ۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں