سول اور ملٹری تعلقات میں پختگی جمہوریت کی بقاء ہے ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم

تعلقات کو فروغ دیکر سی پیک منصوبے کے تمام اثرات سمیٹے جا سکتے ہیں ،اب قوم کسی مہماتی انقلاب کی متحمل نہیں ہوسکتی، پاکستان کا مستقبل جمہوریت میں ہے، صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 16 ستمبر 2017 17:30

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2017ء) چیئرمین دفاعی پیداوار سینٹ کمیٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ سول اور ملٹری تعلقات میں پختگی جمہوریت کی بقاء ہے لہٰذا ان تعلقات کو فروغ دیکر سی پیک منصوبے کے تمام اثرات سمیٹے جا سکتے ہیں اور اب قوم کسی مہماتی انقلاب کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ پاکستان کا مستقبل جمہوریت میں ہے۔

وہ قصبہ پادشہان میں اپنی رہائشگاہ پر سینئر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ چیئرمین پریس کلب خواجہ بابرسلیم محمود کی قیادت میں محمد طاہر فاروقی، خواجہ دانیال سلیم اور شفقت یزدانی نے جنرل عبدالقیوم کو حج کی ادائیگی سے واپسی پر مبارکباد دی۔ جنرل عبدالقیوم نے کہا کہ ہمیں ماضی کی تلخیاں چھوڑ کر آگے کی طرف بڑھنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ملک اس وقت بین الاقوامی سازشوں کی زد میں ہے کیونکہ الحمد اللہ پاکستان میں دہشتگردی آخری ہچکی لے رہی ہے۔

بجلی کے بحران کے بادل بھی تقریباً چھٹنے لگے ہیں اور پاکستان معاشی طور پر ایک بڑا ٹیک آف کرنے والا ہے لہٰذا سیاسی استحکام اس وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے استدعا کی کہ وہ انتخابی اور آئینی اصلاحات پر سنجیدگی سے غور کریں اور آنے والے 2018کے عام انتخابات کو ہر صورت میں شفاف اور غیر جانبدرانہ بنائیں۔ جنرل عبدالقیوم نے بتایا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ان کی ملاقات بڑی سود مند رہی ہے اور وزیراعظم کو اس ضمن میں تحریری طور پرکچھ مشورے دیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے چکوال مندرہ ریلوے لائن کی بحالی کے حوالے سے مثبت یقین دہانی کرائی ہے۔

متعلقہ عنوان :

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں