عمران خان کا نئے پاکستان کا نعرہ عوام کے دلوں میں گھر کر چکا ہے، سردار ذوالفقار علی خان دلہہ

جمعہ 20 جولائی 2018 22:15

چکوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و امیدوار حلقہ این اے 64سردار ذوالفقار علی خان دلہہ نے کہا ہے کہ پورے ملک کی طرح ضلع چکوال میں تبدیلی کی چلنے والی ہوا اپنے آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے، چکوال میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کا نئے پاکستان کا نعرہ عوام کے دلوں میں گھر کر چکا ہے، 25 جولائی کو ضلع چکوال میں تعمیر وترقی کی شمع روشن ہوگی اور ضلع بھر میں اتحادیوں سمیت پی ٹی آئی دوقومی اور چار صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔

وہ چکوال شہرمیں مقامی میرج ہال اور بعد ازاں قصبہ منگوال میں حاجی گلستان کی طرف سے منعقدہ بڑے جلسوں سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے کارکنوں، ووٹروں اور سپورٹروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

امیدوار برائے حلقہ پی پی اکیس راجہ ہمایوں یاسر سرفراز نے کہا کہ عمران خان روایتی سیاستدان نہیں اور عمران خان کی پورے پاکستان میں حکومتیں قائم ہوں گی اور تھانہ کچہری کی سیاست کا خاتمہ ہوگا اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے، بلدیاتی نظام میں جدت لائی جائے گی اور تعلیم، صحت اور بنیادی ضروریات زندگی میں ایک انقلاب برپا ہوگا۔

سردار ذوالفقار علی خان نے کہا کہ آج سوال ذوالفقار یا یاسرکی ذات کا نہیں نئی نسل کے مستقبل کا سوال ہے، بیروزگاری کا خاتمہ کرنا ہے، مہنگائی پر قابو پانا ہے، بڑے ہسپتالوں پر توجہ دینی ہے، ضلع بھر میں یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں لانا ہے یہ تب ہی ممکن ہوسکتا ہے کہ پچیس جولائی کو عوام خواتین سمیت بروقت پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچیں اور اپنا حق رائے دہی پی ٹی آئی کے حق میں استعمال کریں اور بلے کے نشان پر مہر لگا کر عمران خان کو کامیاب کریں۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں