چنیوٹ،عید میلاد النبیﷺ کے پُر مسرت موقع پر ہونیوالی محافل ،جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی

منگل 27 اکتوبر 2020 18:31

چنیوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) عید میلاد النبیﷺ کے پُر مسرت موقع پر منعقد ہونے والی محافل اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے چنیوٹ پولیس کی طرف سے سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس ہائی الرٹ رہے گی۔تمام ذرائع بروئے کار لاکر ضلع میں امن و امان اور مذہبی رواداری کو برقرار رکھا جائے گااور کسی کو بھی نقص امن کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔

12ربیع الاول کو ضلع بھر میں کل 33 جلوس نکالے جائیں گے اور 7 محافل کا انعقا د کیا جائے گا۔ ان تمام جلوسوں کے روٹس اور محفلوں پر ایک ہزارسے زائد پولیس افسران و اہلکاران ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ایلیٹ فورس کی ٹیمیں اور محافظ سکواڈ جلوسوں کے ساتھ گشت کرینگی۔اہم پوائنٹس پر چھتوں پر مسلح جوان تعینات کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ٹریفک پولیس نے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے مربوط ٹریفک پلان کو حتمی شکل دے دی۔

تمام سرکلز میں کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریزرو نفری سٹینڈ ٹو رہے گی۔محافل،جلوسوں کو تھری لیئر سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ریلیوں اور محافل کے دوران میٹل ڈٹیکٹرز کے ذریعے اور فزیکل سرچ سے تلاشی لی جائے گی۔واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے۔جلوسوں کی ڈرون کیمرے سے فضائی نگرانی کی جائے گی۔اہم جلوسوں اور مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں گے۔

اسلحہ کی نمائش اور ساتھ لے کر چلنے پر پابندی ہے جس پر سختی سے عملد رآمد ہو گا۔ ہینڈ بلز ، پوسٹرز اور قابل اعتراض فرقہ وارانہ مواد میں ملوث افراد کیخلاف باضابطہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ تمام پروگرام / جلوس ہائے کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی ۔ تمام ذرائع بروئے کار لاکر امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھا جائے گا۔دریائے چناب پررش کے باعث امن و امان کے قیام اور ٹریفک کی روانی کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں