ڈیرہ غازی خان میں 193 کاروباری مراکز سربمہر،1701 ناجائز منافع خوروں کو گرفتار کر لیا گیا

بدھ 27 مارچ 2024 17:22

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری،193 کاروباری مراکز سربمہر،1701 ناجائز منافع خوروں کو گرفتار اور ایک کروڑ 57 لاکھ 53 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔اس حوالے سے کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ یکم سے 26 مارچ تک 119 مجسٹریٹس نے ڈی جی خان ڈویژن کی مارکیٹوں کے دو لاکھ 35 ہزار 997 معائنے کئے اور 22710 مقامات پر پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پائی گئی جس پر بھاری جرمانوں کے ساتھ 607 مقدمات بھی درج کیے گئے۔کمشنر نے کہا کہ ماہ صیام میں عوام کو سرکاری نرخ پر اشیاء خوردونوش کی دستیابی کیلئے بلا امتیاز کارروائی کرنا ہوگی تاہم اختیارات کا ناجائز استعمال برداشت نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی پر بھی نظر رکھی جائے گی۔

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں