الیکشن 2018 ء قوم کے پاس کرپٹ مافیا اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کے مہروں سے نجات کا سنہری موقع ہے اسے ضائع نہ کریں ،

25 جولائی کو متحدہ مجلس عمل کو ووٹ دے کر نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ میں ہمارا ساتھ دیں ،موجودہ الیکشن بیرونی اشاروں پر ناچنے والے سیکولر ٹولے اور اسلام پسند قوتوں کے درمیان فیصلہ کن معرکہ ہے ، ملک کی نظریاتی اور دفاعی سرحدوں کی حفاظت اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے ایم ایم اے کی کامیابی ضروری ہے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا لوئر دیر میں انتخابی جلسوں سے خطاب

پیر 23 جولائی 2018 23:41

الیکشن 2018 ء قوم کے پاس کرپٹ مافیا اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کے مہروں سے نجات کا سنہری موقع ہے اسے ضائع نہ کریں ،
لوئردیر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ الیکشن 2018 ء قوم کے پاس کرپٹ مافیا اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کے مہروں سے نجات کا سنہری موقع ہے اسے ضائع نہ کریں اور 25 جولائی کو متحدہ مجلس عمل کو ووٹ دے کر نظام مصطفیٰؐ کے نفاذ میں ہمارا ساتھ دیں ، موجودہ الیکشن بیرونی اشاروں پر ناچنے والے سیکولر ٹولے اور اسلام پسند قوتوں کے درمیان فیصلہ کن معرکہ ہے ، ملک کی نظریاتی اور دفاعی سرحدوں کی حفاظت اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے ایم ایم اے کی کامیابی ضروری ہے ۔

وہ پیر کو یہاں اپنے حلقہ انتخاب لوئر دیر میں انتخابی جلسوں سے خطاب کر رہے تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ستر سال سے عوام کی گردنوں پر مسلط ٹولے نے قومی عزت و وقار کو نیلام کیا اور امریکی و مغربی سامرا ج کی خوشنودی کے لیے پاکستان کو اسلام کے بابرکت نظام سے محروم رکھا جس پاکستان کے حصول کے لیے ہمارے بڑوں نے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا ، حکمرانوں نے اس کے نظریے سے بے وفائی اور غداری کی جس کی وجہ سے پاکستان دولخت ہواا ور ہم اپنے مشرقی بازو سے محروم ہو گئے مگر ذاتی مفادات کے اسیر ٹولے نے اس سانحہ سے عبرت پکڑنے کی بجائے باقی ماندہ ملک کو بھی خطرات کے حوالے کر دیاہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ان نااہل اور کرپٹ لوگوں سے کسی خیر کی توقع رکھناخود فریبی کے سوا کچھ نہیں ۔ بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے ان لوگوں نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کو پس پشت ڈالا ہے ۔ یہی ٹولہ عوام کی خوشیوں کا قاتل اور محرومیوں کا ذمہ دار ہے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل ہی اصل متبادل قوت ہے ، باقی پارٹیوں کو عوام آزما چکے ہیں ۔

عوام نے پیپلز پارٹی اور نون لیگ کو ایک یا دوبار نہیں ،تین تین بار موقع دیا مگر وہ مسائل حل کرنے کی بجائے مسائل پیدا کرتے رہے اور آج یہ صورتحال ہے کہ پاکستان مسائل کی دلدل میں پھنس چکاہے ، عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور ان کی نسلیں عیش و عشرت کے مزے لوٹ رہی ہیں، یہ لوگ ایک بار پھر بلند و بانگ دعوئوں سے عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے کمیشن خوروں نے ہماری آنے والی نسلوں کو بھی قرضوں کی ہتھکڑیوں میں جکڑ دیا ہے ۔ پاکستان پر اتنا قرض ہوگیاہے کہ اس کے سود کی ادائیگی کے لیے مزید قرضے لینے پڑتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ سود کی لعنت میں پھنس کر ان لٹیروں نے قوم کا مستقبل تاریک کردیاہے ۔ متحدہ مجلس عمل سودی معیشت کا خاتمہ کر کے زکوة و عشر کا پاکیزہ نظام رائج کرے گی اور نوجوانوں کو غیر سودی قرضے دے گی ۔

انہوں نے کہاکہ جب تک بے روزگاری کا خاتمہ نہیں ہوتا ، ملک آگے نہیں بڑھ سکتا ۔ ہم نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے سرکاری محکموں اور صنعتوں میں آسامیاںپیدا کریں گے اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو جب تک روزگار نہیں ملتا ، انہیں بے روزگاری الائونس دیا جائے گا ۔ انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل احتساب کے نظام کو بہتر بنائے گی تاکہ کرپٹ اور بددیانت لوگوں کو احتساب سے بچ نکلنے کا موقع نہ ملے ۔ انہوںنے کہاکہ قومی خزانے سے لوٹی گئی دولت ملک میں لاکر ہم عوام کو تعلیم ، صحت اور چھت کی سہولت فراہم کریں گے ۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں