حکومت ملاکنڈ ڈویژن کیلئے فاٹا کی طرز پر خصوصی پیکیج کا اعلان کرے ، سراج الحق

ملاکنڈ کو دس سال تک ٹیکس فری زون قرار دیا جائے،بجلی کی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ اوور بلنگ کا خاتمہ کیا جائے، ڈویژن کے خزانوں جیسے معدنیات ،قیمتی پتھروں کی کان پر یہاں کے عوام کا حق تسلیم کیا جائے، امیر جماعت اسلامی کا جلسے سے خطاب

پیر 31 جولائی 2023 20:35

دیر لوئر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2023ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت ملاکنڈ ڈویژن کے لئے فاٹا کی طرز پر خصوصی پیکیج کا اعلان کرے ، یہاں پیدا ہونے والی پن بجلی سے پہلے ملاکنڈ ڈویژن کی ضروریات کو پورا کیا جائے اور اس سے حاصل ہونے والا منافع ملاکنڈ ڈویژن میں شامل اضلاع کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز چکدرہ میں حقوق مالاکنڈ جلسہ سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ میں سابقہ ایم این اے جماعت اسلامی دیر بالا، صاحبزادہ طارق اللہ ،امیر جماعت اسلامی سوات حمید الحق ،امیر جماعت اسلامی کے پی کے پروفیسر محمد ابراہیم ،نائب امیر جماعت اسلامی کے پی کے عنایت اللہ سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا تھا کہ باجوڑ خود کش حملہ قابل مذمت ہے، پاکستان میں کے پی کے ،بلوچستان کے غریب عوام دھماکوں کے زد میں ہیں اور ان کے بچے شہید کئے جاتے ہیں ، باجوڑ دھماکہ ،پولیس لائنز پشاور ،باڑہ ،علی مسجد دھما کے سمیت دیگر افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کئے جائیں ، باجوڑ دھماکہ میں جتنے لوگ زخمی اور شہید ہوئے ہم ان کے ساتھ غم کا اظہار کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومت وقت سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ ملاکنڈ ڈویژن کے غریب عوام کو ریلیف فراہم کریں، ملاکنڈ ڈویژن جس میں قدرتی آفتیں نازل ہوئی ،کبھی سیلاب کی صورت میں تو کبھی ناکام حکمرانوں کی صورت میں لیکن آج کے بعد ایسا نہیں ہوگا ۔جماعت اسلامی پاکستان کو کامیاب بنانے کیلئے ایک ہونا پڑیگا ۔ ملاکنڈ ڈویژن کو دس سال تک ٹیکس سے استثنیٰ دے کر ٹیکس فری زون قرار دیا جائے۔

بجلی کی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ اوور بلنگ کا خاتمہ کیا جائے۔ ملاکنڈ ڈویژن کے جنگلات پر یہاں کے عوام کا ملکیتی حق بحال کیا جائے۔ ملاکنڈ ڈویژن کے خزانوں جیسے معدنیات اور قیمتی پتھروں کی کان پر یہاں کے عوام کا حق تسلیم کیا جائے۔گھریلوں تعمیرات میں استعمال کے لئے بجری کی مائننگ پر خود ساختہ پابندیوں کو فی الفور ختم کیا جائے۔ نواجوان کے لئے کھیل کے میدانوں اور ٹیکنیکل سکلز سنٹر کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ملازمتوں کے مواقع فراہم کیا جائے۔

ہمارا ملک پاکستان ہر ایک وسائل سے مالا مال ہے پھر کیوں ہمارے نوجوان ملک چھوڑ کر جارہے ہیں ۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے خطاب میں ملاکنڈ ڈویژن کے ہر کونے کونے سے آئے ہوئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔پروفیسر ابراہیم امیر جماعت اسلامی کے پی کے نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کے مشران ،کارکنان کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے اتنی بڑی تعداد میں جلسہ میں شرکت کر کے اسے کامیاب بنایا ۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں