ملک بھر میں شب معراج( آج) بروز ہفتہ عقیدت و احترام سے منائی جائے گی

جمعہ 17 فروری 2023 11:40

ڈونگہ بونگہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2023ء) ملک بھر میں شب معراج (آج )بروز ہفتہ عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔معراج کی اس مبارک شب اللہ رب العزت نے اپنے پیارے حبیب حضرت محمد کو عرش پر بلا کر اپنا دیدار کراویا۔رجب المرجب اسلامی سال کا ساتواں مہینہ ہے۔ اللہ رب العزت نے سال کے بارہ مہینوں میں مختلف دنوں اور راتوں کی خاص اہمیت و فضیلت بیان فرمائی ہے۔

شبِ معراج جہاں عالم انسانیت کو ورطہ حیرت میں ڈالنے والا واقعہ ہے وہیں یہ امت مسلمہ کے لئے عظیم فضیلت کی رات قرار دی گئی ہے۔اسراء اور معراج کے واقعہ نے فکرِ انسانی کو ایک نیا موڑ عطا کیا۔ اس کے نتیجے میں فکر و نظر کی رسائی کو وسعت حاصل ہوئی۔یہ واقعہ پیغمبر اسلام کا امتیازی معجزہ ہے۔

(جاری ہے)

شبِ معراج پر محبوب خدا خاتم النبیین نے آسمانوں کی سیر کرکے اللہ کی نشانیوں کا مشاہدہ کیا۔

حضور اکرم اس مقدس سفر کے دوران مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ گئے جہاں تمام انبیائے کرام نے آپ کی اقتداء میں نماز ادا کی اور پھر آپ آسمانوں میں اللہ تعالیٰ سے ملاقات کرنے تشریف لے گئے۔اس واقعے کو قرآن کریم کی سورہ اسراء پارہ نمبر 15 کی ابتدائی آیات میں بیان کیا گیا ہے۔سفر معراج کے دوران رسول کریم کو جنت اور دوزخ دکھائی گئیں، آپ کی ملاقات مختلف انبیائے کرام سے بھی ہوئی۔اسی سفر میں امت محمدیہ پر نماز یں بھی فرض ہوئیں، یہی وجہ ہے کہ اس شب خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔رجب المرجب کی ستائیسویں شب کو دنیا بھر کے مسلمان رحمتوں اور برکتوں والی رات شبِ معراج عقیدت و احترام کے ساتھ مناتے ہیں۔ اہلِ ایمان نوافل ادا کرتے ہیں اور اپنی بخشش کی دعائیں مانگتے ہیں۔

ڈونگہ بونگہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں