زرعی سائنسدانوں کی بروقت پروموشن سے ان کی پیشہ وارانہ مہارتوں میں نکھار آئے گا،ڈاکٹر ساجد الرحمن

بدھ 17 اپریل 2024 17:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) ڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ پنجاب ڈاکٹر ساجد الرحمن نے کہا کہ زرعی تحقیق میں جدت لانے کے لئے زرعی سائنسدان ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔زرعی سائنسدانوں کی بروقت پروموشن سے ان کی پیشہ وارانہ مہارتوں میں نکھار آئے گا، سائنسدان موسمیاتی تبدیلیوں کو مد نظر رکھ کر تحقیقی کاوشوں کو تیز کریں تاکہ غذائی تحفظ کے چیلنجز پر قابو پایا جا سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں محکمہ زراعت کے شعبہ ریسرچ کے افسران کی پروموشن سے متعلق لازمی تربیت کے 20ویں گروپ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس ایک ماہ کے تربیتی پروگرام میں زرعی افسران کی فنانس، ایڈمنسٹریشن، مینجمنٹ اور ای گورننس کے متعلق عملی تربیت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس افتتاحی سیشن میں وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان اور پروفیسر ڈاکٹر محمود احمد رندھاواکے علاوہ ریسرچ ونگ کے زرعی سائنسدانوں اور تربیتی دینے والے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

ڈاکٹر ساجد الرحمن نے امید ظاہر کی کہ یہ ورکشاپ زرعی سائنسدانوں کی استعدادِ کار بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی جس سے زرعی تحقیق کے عمل میں بہتری ممکن ہو گی۔ زرعی تعمیر و ترقی میں زرعی سائنسدانوں کاکردار مسلمہ ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی سائنسدانوں کی ورک فورس کو منظم کر کے زرعی شعبہ کو مزید ترقی دی جا سکتی ہے۔ ان مثبت اقدامات کے نتیجے میں ملکی زرعی پیداوار میں اضافے سے ملکی زرعی معیشت کو استحکام حاصل ہو گا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں