انسداد پولیو مہم انتہائی ذمہ داری اور خصوصی توجہ کی متقاضی ہے‘

محکمہ صحت کی ٹیمیں پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے تک پہنچیں تاکہ پولیو فری پاکستان کی منزل جلد حاصل کی جاسکے‘ حافظ ممتاز احمد

ہفتہ 14 دسمبر 2019 20:12

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2019ء) : صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم انتہائی ذمہ داری اور خصوصی توجہ کی متقاضی ہے لہذا محکمہ صحت کی ٹیمیں پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے تک پہنچیں تاکہ پولیو فری پاکستان کی منزل جلد حاصل کی جاسکے۔انہوں نے یہ بات کمشنر آفس میں ایک میٹنگ کے دوران فیصل آباد ڈویژن میں انسداد پولیو کی آئندہ مہم کے انتظامات کاجائزہ لیتے ہوئے کہی جنہیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی طرف سے فیصل آباد ڈویژن میں انسداد پولیو مہم کا انچارج مقرر کیا گیا ہے ۔

اجلاس میں ڈویژنل کمشنر عشرت علی،ڈپٹی کمشنر محمدعلی،ایدیشنل کمشنر محبوب احمد،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،ڈی ایچ اوڈاکٹر بلال احمد،ایس پی طاہر عالم اوردیگر افسران کے علاوہ ضلع جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرزودیگر افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ 16دسمبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران فیصل آباد ڈویژن میں محکمہ صحت کی جانب سے 24لاکھ 96ہزار216بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے لئے محکمہ صحت کی 6ہزار ٹیمیں یہ فریضہ انجام دیں گی۔

صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے انسداد پولیو مہم کے انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے انوائرمنٹل سمپل پوزیٹو آنے کی بنا پر انسداد پولیو مہم کی نگرانی کے لئے وزراء کی ڈیوٹیز لگائی ہیں لہذا اس اہم فریضہ میں کسی قسم کی غفلت یا تساہل کی گنجائش نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خانہ بدوشوں اور دیگر صوبوں سے مزدوری ‘ کاروبار کے لئے عارضی رہائش پذیر افراد سمیت والدین کے ساتھ سفر کرنے والے بچوں کو ذمہ داری سے انسداد پولیو قطرے پلائے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود انسداد پولیو ٹیموں کی کارکردگی چیک کرنے کے لئے فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں جائیں گے ۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ سمیت ‘ علماء کرام ‘ تاجروں ‘ سماجی کارکنوں کی معاونت حاصل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ والدین کی آگاہی کے لئے ہر ممکن تشہیری ذرائع بروئے کار لائے جائیں ۔اجلاس کے دوران فیصل آباد ‘ جھنگ ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز محمد علی ‘ محمد طاہر وٹو ‘ آمنہ منیر ‘ محمد ریاض نے بریفنگ کے دوران انسداد پولیو مہم کے انتظامات پر عملدرآمد کے لئے وضع کردہ حکمت عملی اور آگاہی پروگرامز کے انعقاد کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ معروف علمائے دین ‘ سپورٹس اور دیگر شعبوں کی لیجنڈ شخصیات کو بھی آگاہی مہم میں شریک بنایا گیا ہے ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں