فیصل آباد، ایف اے ٹی ایف اجلاس میں سعودی عرب کا پاکستان مخالف ووٹ ملک دشمن عناصر کا جھوٹا پروپیگنڈا ہے،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی

جمعہ 23 اکتوبر 2020 20:55

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2020ء) چیئر مین مرکزی علماء کونسل پاکستان، سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف اجلاس میں سعودی عرب کی طرف سے پاکستان مخالف ووٹ ملک دشمن عناصر کا جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا ہے۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مخلص برادرانہ ، مضبوط اور دیرینہ تعلقات ہیں۔

مرکزی علماء کونسل پاکستان سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے والے عناصر کی جھوٹی خبروں کو مسترد کرتی ہے۔صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں ہر مشکل گھڑی میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ پاکستان کی عوام اور مذہبی حلقے پاکستان اور سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

مرکزی علماء کونسل دعا گو ہے کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کی لسٹ سے نکلے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔مگر افسوس ایف اے ٹی ایف کے اجلاس کے دوران پاکستان مخالف گروہ سرگرم ہو گئے اور دو اسلامی برادر ممالک کے خلاف سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا شروع کردیا۔پاکستان کی عوام اس قسم کی بے بنیاد خبروںکو مسترد کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان امت مسلمہ کی واحد ایٹمی قوت ہے جس پر پوری امت مسلمہ کو فخر ہے۔

یہی وجہ ہے کہ فلسطین سے لے کر کشمیر تک ہر مظلوم پاکستان کی طرف ضرور دیکھتا ہے۔ 5اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ہندوستان نے جو قوانین تبدیل کئے ہیں یہ اقوام متحدہ اور اسلامی تنظیم او آئی سی کی قراردادوں کے برخلاف ہیں، جس سے امت مسلمہ پاکستان اور اہل کشمیر میں اضطرابی کیفیت ہے۔ پہلے بھی بعض ممالک نے مسئلہ کشمیر کے موضوع پر پاک سعودی تعلقات خراب کرنے کی سازش کی ۔

حالانکہ اس میں اصل رکاوٹ کئی دوسرے ممالک ہیں۔ سعودی عرب ہرگز نہیں ہے۔ سعودی عرب نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اوراس کی بہت ساری مثالیں روز روشن کی طرح واضح ہیں۔ بعض قوتیں اب بھی متحرک ہیں۔ ایف اے ٹی ایف کے مسئلے پر پاک سعودی تعلقات میں غلط فہمیاں پیدا کی جائیں۔ پہلے بھی ان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اب بھی ایسی قوتیں ناکام ہوں گی۔سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران یہ اعلان کہ وہ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر ہیں۔یہ پاکستان سے محبت کا عملی ثبوت ہے۔ اس وقت انتشار اور منفی خبریں سوشل میڈیا پر جو چلائی جارہی ہیں ان کے پیچھے پاکستان کی اذلی دشمن قوتیں کار فرما ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں