فیصل آباد، ایم ڈی واسا نے ممکنہ بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہائی الرٹ جاری کردیا

بدھ 17 اپریل 2024 20:32

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے ممکنہ بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔انہوں نے آپریشنز افسران اور سٹاف کو بارشی پانی کی تیز رفتار نکاسی کے لئے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ اس ضمن میں ایم ڈی واسا نے کہا کہ ممکنہ بارشوں کے نتیجے میں تمام نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی اولین ترجیح ہو گی جس کے لئے تمام آپریشنز افسران اور سٹاف کو اپنے ڈیوٹی پوائنٹس پر حاضری یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے جبکہ تمام مشینری کو بھی آپریشنل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ متوقع بارشوں کے دوران آپریشنز افسران اور سٹاف کی جانب سے کسی قسم کی کوئی غفلت قابل قبول نہیں ہو گی اور مرتکب افسران و سٹاف کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

ایم ڈی نے مزید کہا کہ متوقع بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے کیونکہ واسا فیصل آباد عوام کو فراہمی و نکاسی آب کی معیاری سروسز مہیا کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ واسا کا فری ہیلپ لائن نمبر 1334 چوبیس گھنٹے اوپن اور کسٹمر ریلیشنز سینٹر مکمل فعال ہے اور کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں شہری فری ہیلپ لائن 1334 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں