گھوٹکی کے تھانہ بی سیکشن کی حدود میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ، ایک زخمی ،ڈاکو پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر فرار

بدھ 2 فروری 2022 17:11

گھوٹکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2022ء) گھوٹکی کے تھانہ بی سیکشن کی حدود میں پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین مقابلہ ، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار  شہید ، ایک زخمی ،ڈاکو پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر فرار ۔گھوٹکی کے تھانہ بی سیکشن کی حدود گاوں دریاء خان مگسی میں ڈاکوؤں نے پولیس پکٹ پر حملہ کر دیا جس میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے  دوران ایک پولیس اہلکار غلام مصطفیٰ میمن اپنے فرض کی ادائیگی کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید جبکہ پولیس اہلکار نذیر احمد کلہوڑو زخمی ہوگیا۔

زخمی اہلکار کو تشویشناک حالت میں رحیم یار خان ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ذرائع کے مطابق حملے کے دوران ڈاکو پولیس اہلکاروں سے اسلحہ بھی چھین کر اپنے ہمراہ لے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس پارٹی پر حملے کے بعد پولیس کی بھاری نفری ڈاکوؤں کے تعاقب میں کچے کے علاقے روانہ کردی گئی ۔شہید پولیس اہلکار کی میت گھوٹکی تعلقہ ہسپتال منتقل کی گئی جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی جبکہ شہید پولیس اہلکار غلام مصطفے' میمن کی نماز جنازہ گھوٹکی کے علاقے عالپور ادا کی گئی جس میں  ڈی آئی جی سکھر طارق عباس قریشی، ایس ایس پی گھوٹکی اظہر خان،  رینجرز کے اعلیٰ افسران، سیاسی، سماجی شخصیات اور میڈیا کے نمائندہ سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

گھوٹکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں