عوام اور بالخصوص علمائے کرام کا تحفظ سیکیورٹی اداروں کی اولین ترجیح ہے، ساجد کیانی

افواج پاکستان،پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ علمائے کرام کی کاوشوں سے ملک میں فرقہ واریت کا خاتمہ ہو چکا ہے، ڈی پی او ملک سے دہشتگردی کے خاتمہ اور امن و امان کے قیام کے لئے سیکیورٹی اداروں اور عوام نے بہت سی قربانیاں دیں اب ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ امن و امان کی اس فضا کو برقرار رکھنے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں، ڈپٹی کمشنر شہزاد مرزا

پیر 25 مارچ 2019 23:21

ًحافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2019ء) ڈپٹی کمشنر نوید شہزاد مرزا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد کیانی کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان،پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ علمائے کرام کی کاوشوں سے ملک میں فرقہ واریت کا خاتمہ ہو چکا ہے ۔عوام اور بالخصوص علمائے کرام کا تحفظ سیکیورٹی اداروں کی اولین ترجیح ہے ملک سے دہشتگردی کے خاتمہ اور امن و امان کے قیام کے لئے سیکیورٹی اداروں اور عوام نے بہت سی قربانیاں دیں اب ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ امن و امان کی اس فضا کو برقرار رکھنے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں ۔

ایسے مٹھی بھر شر پسند عناصر جو ملک کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کریں گے انکے خلاف سخت اور فوری کاروائی عمل میں لاکر ملک و قوم کے تحفظ کو یقینی بنایا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعیم اللہ بھٹی،اسسٹنٹ کمشنر حافظ آباد عباس ذوالقرنین،اے سی پنڈی بھٹیاں اعتزاز اسلم مارتھ ،دینی مذہبی جماعتوں کے علمائے کرام،ڈسٹرکٹ بار ،انجمن تاجران کے نمائندوں اور کمیٹی کے دیگر اراکین نے اجلاس میں شرکت کی ۔

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کا کہنا تھا کہ حافظ آباد ایک پر امن ضلع ہے امن و امان کے اس ماحول کے قیام کے لئے علمائے کرام،انجمن تاجران اور شہریوں کا بڑا اہم کردار ہے ۔پولیس اور انتظامیہ کی ہمیشہ کی طرح کوشش ہو گی کہ امن و امان اور بھائی چارہ کی یہ فضا برقرار رہے ۔انہوں نے علمائے کرام اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ ایسی اخبارات یا دیگر اوراق جن پر قرآنی آیات درج ہوں انہیں عام استعمال میں لانے سے احتیاط برتی جائے تاکہ ان قرآنی آیات کا تقدس مجروح نہ ہو انہوں نے علمائے کرام سے مزید اپیل کی کہ اپنی مساجد ،مدارس اور خطبات میں بھائی چارے اور امن و امان کا درس دیتے ہوئے عوام کو فرقہ واریت سے اجتناب کی اپیل کریں ۔

انکا کہنا تھا کہ حافظ آباد اور پنڈی بھٹیاں میں انجمن تاجران کے تعاون سے مختلف مارکیٹوں ،بازاروں اور شاہرائوں پر سیکیورٹی کیمرے لگائے جا رہے ہیں جن کا مقصد عوام کے جان و مال کی حفاطت کو یقینی بنانا ہے ۔اجلاس میں علمائے کرام اور دیگر اراکین نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو امن و امان کے قیام کے حوالہ سے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی،خوشحالی اور استحاکم کے لئے خصو صی دعا کی گئی۔

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں