چیف انجینئر آب پاشی بہاول پور نے سالانہ مرمت کے لئے وارہ بندی کا شیڈول جاری کر دیا

جمعہ 22 نومبر 2019 15:33

ہارون آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2019ء) چیف انجینئر آب پاشی بہاول پور نے سالانہ مرمت کے لئے وارہ بندی کا شیڈول جاری کر دیا ہے ، جس کے مطابق مشرقی صادقیہ نہر سمیت فورڈواہ نہر کے بار ہمایاں 30دسمبر 2019تا16 جنوری 2020 تک ، اپر بہاول اینڈ قاسم کینال ، لوئر بہاول کینال 13جنوری تا 30جنوری تک ، ایس ایم بی لنک کینال 11جنوری تا 28جنوری تک ، پنجند کینال ، عباسیہ کینال اور عباسیہ لنک نہر 5جنوری تا 22جنوری تک بند رہیں گی۔

جس سے کسانوں میں شدید ذہنی اضطراب پایا جاتا ہے ۔ کیونکہ ضلع بہاول نگر بطور خاص ڈونگہ بونگہ،ہارون آباد اور فورٹ عباس کا زیر زمین پانی کڑوا ہونے کی وجہ سے قابل استعمال نہ ہے کڑوے زیر زمین پانی کے استعمال سے زمینیں بانجھ ہو رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

موسم خریف کی فصلات گندم ، دھان ، کماد ، چارہ اور سبزیات شدید متاثر ہو رہی ہیں ، نہروں کی طویل سالانہ وارہ بندی سے پانی کی اس قدر قلت ہوتی ہے کہ انسانوں کے پینے کا پانی بھی ناپید ہو جاتا ہے ، پانی کے تالاب سوکھ جانے سے جانوروں کے پینے کا پانی بھی ختم ہو جاتا ہے اور شہروں اور گائوں کی واٹر سپلائیاں بھی شدید متاثر ہوتی ہیں ، بیشتر مساجد میں وضو کا پانی دستیاب نہ ہونے سے مساجد میں اعلانات کروائے جاتے ہیں ’’مسجد میں پانی نہیں ہے اس لئے وضو گھروں سے کر کے آئیں‘‘۔

دوسری طرف کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ سبزیات کی قیمتوں میں اضافہ کی بنیادی وجہ پانی کی قلت ہے کیونکہ آج کل شہری سبزیات ڈیرہ غازی خان ، اوکاڑہ ، عارف والا اور دیگر شہروں سے لانے پر مجبور ہیں۔ ادھر ضلع کے مثالی کسانوں ، چھوٹے کاشتکاروں محمود اختر قریشی،رانا عبد الغفار ،راو خالد ریاض، و دیگر نے محکمہ آبپاشی کے حکام اور حکومت پنجاب کے ارباب اختیار سے اپیل کی ہے کہ نہروں کی سالانہ وارہ بندی کے دوران ہنگامی بنیادوں پر میٹھے پانی کے ٹیوب ویلز کے علاقوں بطور خاص ضلع پاکپتن سے انسانوں اور جانوروں کیلئے پینے کا پانی مین ہاکڑہ نہر( لیفٹ )کے ذریعے سپلائی کیا جائے۔ تاکہ انسانوں اور جانوروں کیلئے پینے کا صاف پانی ٹیلوں تک پہنچانے کا انتظام کیا جائے۔

ہارون آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں