عمران خان کی سیاست کے باعث دنیا آج پاکستان کو اہمیت دینے پرمجبور ہے، ملک امین اسلم

گلی محلے کی سیاست سے نکل کر نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانے پر توجہ مذکور کرنا ہو گی ، وزیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی

جمعہ 27 اگست 2021 23:17

ًحسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اگست2021ء) وفاقی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ دنیا کی نظریں آج پاکستان کے فیصلوں پر لگی ہوئی ہیں۔عمران خان کی سیاست کے باعث دنیا آج پاکستان کو اہمیت دینے پرمجبور ہے۔سپر پاور کہلوانے والے بھی آج ہماری جانب امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔گلی محلے کی سیاست سے نکل کر نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانے پر توجہ مذکور کرنا ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے حسن ابدال میں سات کروڑ روپے کی لاگت سے ٹیپو سلطان (ایبٹ آباد )چوک کی تعمیر نو کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ چیئرمین شکایت سیل اکبر خان تنولی۔اسسٹنٹ کمشنر زنیرہ جلیل۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر خرم حیات۔راجہ عامر علی اور این ایچ اے افسران بھی موجود تھے۔

ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ ٹریفک کے بڑھتے ہوئے حادثات کی روک تھام کے لیے عمران خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں سات کروڑ روپے کی لاگت سے ٹیپو سلطان چوک کی تعمیر نو کا آغاز کیا جا رہا ہے جسے چار ماہ میں مکمل کیا جائے گا اور یہ عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے پورا کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ایک ناں کر کے پوری دنیا کا نقشہ تبدیل کر کے رکھ دیا ہے۔

اگر ماضی کے حکمرانوں کی طرح امریکہ کے سامنے لیٹ جاتے اور انہیں اڈے فراہم کر دیتے تو علاقہ میں ریکارڈ خونریزی ہوتی اور ہماری آنے والی نسلیں بھی ہمیں کبھی معاف نہ کرتیں مگر عمران خان نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسروں کی جنگ میں شریک بننے سے انکار کر دیا۔آج سپر پاور کہلوانے والے بھی پاکستان کی جانب امید بھر ی نظروں سے دیکھنے پر مجبور ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت جو خود کو سپر پاور بنانے کے خواب دیکھ رہا تھا اس کے خواب بھی چکنا چور ہو چکے ہیں اور پاکستان کی اہمیت دنیا میں بڑھ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے کرپٹ حکمرانوں نے صرف اپنے محل قائم کیے اور غریبوں کو نظر انداز کیا مگر عمران خان نے فلاحی ریاست کی بنیاد رکھ دی ہے اور احساس پروگرام اور صحت کارڈ کی وجہ سے غریب کی مدد ہو رہی ہے اور انہیں بھی بنیادی سہولیات میسر آ رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام حوصلہ رکھیں اور عمران خا ن کے ساتھ کھڑی رہے اور کرپشن زدہ سیاست دانوں سے نجات میں ہماری مدد کریں۔آنے والے دور میں عوام کی مشکلات میں یقینی کمی واقع ہو گی اور ملک ترقی کی منازل تیزی سے طے کرے گا۔

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں