گورنر سندھ عمران اسماعیل نے شاہ عبداللطیف بھٹائی کی276ویں عرس کا افتتاح کردیا

شاہ عبداللطیف بھٹائی ؒ کی شاعری امن و محبت کا پیغام دیتی ہے‘ بزرگوں و اولیاء اللہ کی محنتوں سے سندھ میں بھائی چارگی اور اخوت کا پیغام عام ہوا ہے‘ گورنر سندھ عمران اسماعیل

پیر 14 اکتوبر 2019 18:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے شاہ عبداللطیف بھٹائی کی276ویں عرس کا افتتاح کردیا، زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری، سندھ کے بزرگ صوفی شاعر شاہ عبدالطیف بھٹائی ؒ کا سالانہ عرس شروع ہوگیا ہے ۔گورنرسندھ عمران اسماعیل نے شاہ عبداللطیف بھٹائی کے مزار پھولوں کی چادر چڑھا کر عرس کا باضابطہ سرکاری افتتاح کیا۔

انہوں نے فاتحہ خوانی کی‘ غریبوں میں کپڑے تقسیم کئے اور شاہ کا راگ سنا۔ ان کے ہمراہ سندھ اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف فردوس شمیم نقوی ،پارلیمانی لیڈر اور صوبائی صدر حلیم عادل شیخ کے علاوہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی تھے۔ بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہو ئے گورنر عمران اسماعیل نے کہاکہ شاہ عبداللطیف بھٹائی ؒ کی شاعری امن و محبت کا پیغام دیتی ہے انہیں بزرگوں و اولیاء اللہ کی محنتوں سے سندھ میں بھائی چارگی اور اخوت کا پیغام عام ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں سائیں شاہ عبدالطیف بھٹائی ؒ کے عرس کا افتتاح کررہا ہوں‘ اس درگاہ سے ہمیں انسانیت کی بھلائی کادرس ملتا ہے اور دنیا بھر میں ان کی شاعری کو سراہا جاتا ہے‘ ہمیں شاہ صاحب کے پیغام کو عام کرنے اور نئی نسل کو اس سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہو ئے کہاکہ درگاہوں کے معاملات صوبائی حکومت دیکھتی ہے تاہم اگر سندھ حکومت کو وفاق سے کسی قسم کے تعاون کی ضرورت ہے تو میں وزیر اعظم سے بات کرسکتاہوں انہوں نے کہاکہ وفاق اور سندھ حکومت میں کوئی کشیدگی اور تناؤ نہیں ہے تاہم مولانا فضل الرحمن نے ملک کے سیاسی ماحول کو خراب کرنے کی ضرور کوشش کی ہے اگر انہیں حلوہ کی ضرورت ہے تو ہم ہر قسم کا حلوہ انہیں کھلاسکتے ہیں لیکن مدرسے کے معصوم بچوں کو ورغلا کر وہ دھرنا دینے کا خیال نکال دیں۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی اور عمران خان کی دھرنے کی مثالیں تو دی جارہی ہیں لیکن یہ دھرنا کرپشن اور انتخابات میں دھاندلی کے خلاف تھاہم نے چار حلقوں کی نشاندہی کی تھی مولانا فضل الرحمن نے تو کرپشن اور انتخابی دھاندلی کا کوئی ثبوت نہیں دیا ہے انہیں خود معلوم نہیں ہے کہ وہ سب کچھ کیوں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامز ن ہے ہمارے اتحادی بھی ہمارے ساتھ ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پنجاب اور کے پی کے میں حالات سندھ سے بہت بہتر اور امن و امان کی صورتحال بھی اچھی ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں