حیسکو کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بجلی چوری کرنے والے 322 کنکشن منقطع

منگل 16 اپریل 2024 18:11

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) حیسکو کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بجلی چوری کرنے والے 322 کنکشن پکڑے گئے، جن میں سے 23 کے خلاف ایف آئی آر درج ہوچکی ہیں، تمام کنکشنز منقطع کرکے انکو 1 لاکھ 35 ہزار 238 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 30 لاکھ 81 ہزار 466 روپے ہے۔

وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق حیسکوانتظامیہ کی زیر نگرانی جاری انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 322 کنکشن پکڑے گئے، جن میں سے 293 کے خلاف مختلف تھانوں پر ایف آئی آر درج کرانے کیلئے لیٹر جمع کرادیئے گئے ہیں جس میں 23 ایف آئی ار درج ہوچکی ہیں۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 16 کمرشل اور 306 گھریلو تھے، تمام کنکشنز منقطع کرکے انکو 1 لاکھ 35 ہزار 238 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 30 لاکھ 81 ہزار 466 روپے ہے۔

(جاری ہے)

222 روز سے جاری آپریشن کے دوران کل 12 ارب 9 کروڑ 48 لاکھ سے زائد کی ریکوری کی جا چکی ہے، 51099 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ترجمان حیسکو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک 207 ملزمان کو گرفتار کیا گیا،1ملازم کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا، 3 ملازمین کو بھی گرفتار کیا گیا، 41 ملازمین کو معطل کردیا گیا، مجموعی طور43781 کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں 4857 درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں،بجلی چوروں کو اب تک 2 کروڑ 73 لاکھ سے زائد یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 84 کروڑ 25 لاکھ سے زائد ہے۔

واضح رہے بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویژن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کیے جا رہے ہیں۔ حیسکو چیف کی واضح ہدایات ہیں کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے حیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں