ڈی آئی جی پی حیدرآباد کی رینج کے ایس ایس پیز کو مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر ریلیوں و تقریبات کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت

پیر 29 اپریل 2024 23:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے مزدوروں کے عالمی دن (یکم مئی) کے موقع پر ریلیوں اور تقریبات کی فول پروف سکیورٹی کی فراہمی کے لئے رینج کے ایس ایس پیز کو خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو نے یکم مئی( لیبر ڈے ) کے موقع پر رینج کے تمام ایس ایس پیز کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ لیبر ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقاریب و ریلیوں کے مقامات پر عوام کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے مزید ہدایت کی کہ شاپنگ سینٹرز، ملکی و غیر ملکی ریستوران کے علاوہ اہم سرکاری و نیم سرکاری دفاتر، عمارتوں، حساس تنصیبات، مساجد ، امام بارگاہوں، مزارت، اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں و رہائشی کالونیوں پر حفاظتی اقدامات کو پولیس کنٹیجنسی پلان پر عملدر آمد کے تحت یقینی بنایا جائے، حیدرآباد رینج کے تمام ایس ایس پیز بذات خود حفاظتی انتظامات کی نگرانی کریں اور ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو علاقوں میں پیٹرولنگ رینڈم سنیپ چیکنگ، پکٹنگ، ایڈوانس انٹیلی جینس کلیکشن کو مضبوط سے مضبوط تر بنایا جائے، شر پسند و سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کے لئے سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کا خاطر خواہ بندوبست کیا جائے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس طارق رزاق دھاریجو حیدرآباد رینج نے مزید کہا ہے کہ پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ جیسے بنیادی فریضے کو انتہائی جانفشانی، ایمانداری، محنت ، لگن اور پیشہ ورانہ تقاضوں کے عین مطابق سر انجام دے اور حیدرآباد رینج کی عوام کو پر امن اور پر سکون ماحول کی فراہمی کو ممکن بنائے۔ ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے کہا کہ مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے نکالی جانے والی ریلیوں، اجتماعات پوزیشن سے لمحہ بہ لمحہ آگاہی کے لئے تمام تر ضروری سہولیات سے آراستہ کنٹرول روم کا قیام بھی عمل میں لایا جائے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں