سندھ پبلک سروس کمیشن نے مشترکہ مقابلہ جاتی امتحان 2020 کے زبانی امتحان کا آغاز کر دیا

بدھ 17 اپریل 2024 20:22

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) سندھ پبلک سروس کمیشن نے مشترکہ مقابلہ جاتی امتحان 2020 کا زبانی امتحان 17 اپریل 2024 سے ریجنل آفس کراچی میں شروع کردیا، پہلے مرحلے میں 15 امیدواروں سے زبانی امتحان لیا گیا۔ سی سی ای کا زبانی امتحان 07 مئی 2024 تک جاری رہے گا۔ تحریری امتحان میں کامیاب ہونے والے 182 امیدواروں کا زبانی ٹیسٹ کے بعد ان کی اہلیت کے مطابق نتائج جاری کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ 26 مارچ کو ایس پی ایس سی نے سی سی ای 2020 کے تحریری امتحان میں کامیاب 182 امیدواروں کی فہرست جاری کی تھی۔ مذکورہ جانچ عدالتی حکم کی تعمیل میں کی گئی ہے۔ مذکورہ امتحان کا اشتہار 30 جولائی 2019 کو جاری کیا گیا تھا جس میں 15 ہزار سے زائد امیدواروں نے اپنی درخواستیں جمع کرائی تھیں۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں نومبر 2020 میں سی سی اے کا تحریری امتحان ہوا جس میں 1380 امیدواروں نے حصہ لیا۔

امتحانی عمل مکمل ہونے کے بعد معائنہ کا عمل شروع ہوا، اس دوران سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد نے کمیشن کی تمام سرگرمیاں معطل کردیں جس کے باعث کئی شیڈول تحریری اور زبانی امتحانات ملتوی کردیئے گئے۔ ایس پی ایس سی کے چیئرمین محمد وسیم نے عدالتی حکم کی تعمیل کرتے ہوئے دوبارہ امتحان کا انعقاد کیا، امتحان کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تحریری نتائج کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اس امتحان کا دوسرا مرحلہ زبانی امتحانات آج سے شروع ہو گئے ہیں۔ہ

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں