صوبائی وزیر جام خان شورو کی زیر صدارت اکرم واہ کی بحالی کے لیے حکمت عملی مرتب کرنے ، اسکے ڈیزائن کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس

بدھ 17 اپریل 2024 21:07

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) محکمہ آبپاشی سندھ کے صوبائی وزیر جام خان شورو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت بدین سمیت سندھ کے دور دراز علاقوں میں پانی کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ ایریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی سیڈا سیکرٹریٹ میں اکرم واہ کی بحالی کے لیے حکمت عملی مرتب کرنے اور اس کے ڈیزائن کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

میٹنگ میں ورلڈ بینک کی ٹاسک ٹیم کے لیڈر فرانسیس اونیمس، آبی ماہر تازیانا اسمتھ ، سیکرٹری آبپاشی ظریف اقبال کیڑو، سیڈا کے منیجنگ ڈائریکٹر پریتم داس، حیدرآباد کے میئر کاشف شورو، سوات پروجیکٹ کنسلٹنٹس، سیڈا، محکمہ آبپاشی کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر جام خان شورو نے کہا کہ اکرم کینال کی لائننگ میں فنی خرابی کے باعث نہر پانی لے جانے کی صلاحیت کھو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہر کی بحالی کے کاموں میں پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے پانی کے اخراج اور اس سے متعلقہ مسائل کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد شہر کی حدود میں کینال کے کام کے ساتھ ساتھ اہم سڑکوں پر قائم پلون کو چوڑا کیا جائے تاکہ ضلعی حکومت سڑکوں کو چوڑا کرکے ٹریفک کے دباؤ کو کم کرسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نہر کی تعمیر کے بعد پشتوں پر سڑک بھی بنائی جائے تاکہ نہر کے پشتوں کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ نہر پر تجاوزات کو روکا جا سکے۔

میئر حیدرآباد کاشف شورو نے کہا کہ اکرم کینال کی تعمیر کے دوران متاثر ہونے والی سڑکوں کو متبادل سڑکوں کی طرف موڑ دیا جائے گا تاکہ ٹریفک میں کوئی خلل نہ پڑے۔ کاشف شورو نے مزید کہا کہ نہر پر کام کے دوران مختلف متبادل راستے دستیاب ہیں اور کام کے دوران ضلعی حکومت ہر قسم کی مدد فراہم کرے گی،جس میں مختلف ٹاؤن چیئرمین اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا تاکہ کام کے دوران کوئی انحراف نہ ہو۔

محکمہ آبپاشی کے سیکرٹری ظریف اقبال کھیڑو نے کہا کہ نہر کے ڈیزائن کا از سر نو جائزہ لیا جائے اور اسے وقت کی ضروریات کے مطابق بنایا جائے۔ ظریف کھیڑو نے مزید کہا کہ نہر کے کریسٹ لیول کے ماڈیول بنائیں اور دیکھیں کہ کون سا ماڈیول بہتر ہے،اس کے بعد اس ڈیزائن کو لاگو کیا جائے کیونکہ پچھلے پروجیکٹ میں کرسٹ لیول پر اعتراضات اٹھائے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ نہر میں پانی لے جانے کی صلاحیت بڑھانے کے ساتھ ساتھ دور دراز تک بروقت فراہمی جلد ممکن ہو سکتی ہے۔ سیڈا کے منیجنگ ڈائریکٹر پریتم داس نے کہا کہ نہر کی بحالی کے کام میں ہم جیوممبرین، نکاسی کا نظام فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی پانی لے جانے کی صلاحیت میں اضافہ کریں گے اور ضرورت کے مطابق پرانے اور خستہ حال ہائیڈرولک ڈھانچے کو تبدیل یا مرمت کیا جائے گا۔ اس سے قبل کنسلٹنٹس کی جانب سے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔اس کے بعد ورلڈ بینک کے وفد نے اکرم واہ کا دورہ کیا اور تجاوزات کے خاتمے کے دوران متاثرین کو ملنے والے معاوضے میں بنائے گئے ان کے گھروں کا دورہ کیا اور ان سے ملاقات کی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں