فیصل رضا عابدی کا توہین عدالت کا کیس سماعت کیلئے مقرر

سپریم کورٹ کا 3 رکنی بنچ 19دسمبرکو سماعت کرےگا، فیصل رضا عابدی اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 14 دسمبر 2018 19:19

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے پیپلزپارٹی کے سینئر مرکزی رہنماء فیصل رضا عابدی کیخلاف توہین عدالت کا کیس سماعت کیلئے مقرر کردیا، سپریم کورٹ کا3رکنی بنچ 19دسمبرکو سماعت کرےگا، فیصل رضا عابدی اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ اورججز کیخلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنےپر عدالت نے فیصل رضا عابدی کیخلاف توہین عدالت کا مقدمہ سماعت کیلئے مقرر کردیا ہے۔

سپریم کورٹ کے جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں 3رکنی بنچ بدھ 19دسمبرکو سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ نے رہنماء پیپلزپارٹی فیصل رضا عابدی کو نوٹس جاری کردیا ہے۔ واضح رہے فیصل رضا عابدی کو اسلام آباد پولیس نے سپریم کورٹ کے باہرسے اس وقت گرفتار کیا تھا۔

(جاری ہے)

جب وہ عدالت میں پیش ہونے کیلئے آئے تھے۔ اس وقت رہنماء پی پی فیصل رضا عابدی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

یاد رہے توہین عدالت کی کاروائی میں سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء نہال ہاشمی کیخلاف ایکشن لیا اور انہیں نہ صرف گھر جانا پڑا بلکہ جیل کی سزا بھی کاٹنی پڑی۔ اسی طرح ن لیگ کے متحرک رہنماء طلال چودھری، دانیال عزیز کو بھی توہین عدالت کیس میں ناہلی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے عدالتوں کے فیصلوں کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کیخلاف بھی کاروائیاں کی جائیں۔

دوسری طرف پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے رہنماؤں کے خلاف کرپشن کیسز بھی جاری ہیں۔ بلاول بھٹو کو نیب نے پارک لین کمپنی کے الزام میں تحقیقات کیلئے تیرہ دسمبر کو طلب کیا تھا۔ ن لیگ کی قیادت نوازشریف اور مریم نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کے نتیجے میں اڈیالہ جیل جانا پڑا۔ اب نیب نے ن لیگی صدر شہبازشریف کو آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار کررکھا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ نیب جلد ان کے خلاف ریفرنس دائر کردے گی۔ مزید برآں اپوزیشن کے مطالبے پر وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کیخلاف بھی عدالت میں بے نامی جائیداد سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں