آصف زرداری اور بلاول پیشی کے لیے نیب پہنچ گئے

ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کی سربراہی میں جے آئی ٹی پیپلزپارٹی قائدین کے بیانات ریکارڈ کرے گی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 20 مارچ 2019 10:41

آصف زرداری اور بلاول پیشی کے لیے نیب پہنچ گئے
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 مارچ۔2019ء) پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف زرداری پارک لین کمپنی کیس میں نیب میں پیشی کے لیے جلوس کی شکل میں اسلام آباد میں نیب ہیڈکواٹرز پہنچے ہیں. پیپلزپارٹی کے قائدین کے لئے نیب نے سوالنامہ تیار کرلیا ہے ، نیب آفس اور اطراف میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں.

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو والد آصف علی زرداری کے ساتھ نیب دفتر پہنچ گئے ، دونوں 19گاڑیوں کے قافلے میں نیب دفترپہنچے ، نیب کے پرانے ہیڈ کوارٹرزکو پنڈی آفس قرار دیا گیا ہے. نیب آفس اور اطراف میں پولیس کی بھاری نفری، اسپیشل برانچ اور رینجرز اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں.

(جاری ہے)

نیب دفترکے باہر پیپلزپارٹی کارکنان جمع ہیں اور حکومت کےخلاف نعرے بازی جاری ہے، پی پی کارکنان نے نیب دفترمیں گھسنے کی کوشش کی اور نادرہ چوک کے قریب 2 پولیس اہلکار پتھر لگنے سے زخمی ہوئے‘جیالوں اورپولیس کے درمیان ہاتھا پائی میں 5 پولیس اہلکار زخمی جبکہ 50 افراد کو زیرحراست لے لیا گیا ہے.

قبل ازیں ترجمان پی پی مصطفی نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری 11بجے نیب آفس پہنچیں گے، 11بجے پیشی کا نوٹس ملاہے. ذرائع کا کہنا ہے ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کی سربراہی میں جے آئی ٹی آصف زرداری اور بلاول بھٹوکے بیانات ریکارڈ کرے گی ،جے آئی ٹی ارکان کی جانب سے زبانی سوالات کے ساتھ ساتھ سوالنامے بھی تیار کئے گئے ہیں جن کے تحریری جوابات طلب کئے جائیں گے.

نیب ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو پارک لین کمپنی کیس میں طلب کیا گیا ہے، پارک لین کیس میں اربوں روپے کی ترسیلات جعلی بینک اکاﺅنٹس سے کی گئیں، آصف زرداری پرپارک لین کمپنی میں 1989 میں فرنٹ مین کے ذریعے خریداری کاالزام ہے. ذرائع کا کہنا ہے 2009 میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو کمپنی کے شیئرہولڈر بنے،دونوں 25،25فیصد کےشیئر ہولڈر ہیں، آصف زرداری بطور کمپنی ڈائریکٹر اکاﺅنٹس استعمال کرنےکااختیار رکھتے تھے جبکہ 2008 میں کمپنی کے دستاویز پر آصف زرداری کےبطور ڈائریکٹر دستخط موجود ہیں، پارک لین کمپنی نے قرضوں کی مد بھی بینکوں سے اربوں روپے لیے.

جے آئی ٹی وزیراعلیٰ سندھ ،فریال تالپوراوردیگرافرادکوبھی طلب کرےگی تمام نامزد افرادکے بیانات رکارڈ کئے جائیں گے. پارٹی قائدین کی نیب میں پیشی پر اظہار یکجہتی کے لئے کارکنان کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہیں‘پیشی سے قبل بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ظلم کی بات کو ،جہل کی رات کومیں نہیں مانتا.

گذشتہ روز بلاول بھٹو نے وکلا اور پارٹی راہنماﺅں سے مشاورت کے بعد نیب میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ سابق صدر آصف زرداری نے نیب میں طلبی کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا. بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی 10دن کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی تھی اور آصف زرداری کو تفتیش کے لئے نیب میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا.

واضح رہے چیئرمین نیب کی درخواست پر بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس کراچی سے راولپنڈی منتقل کرنے کا حکم دیا تھا اور سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگرملزموں کی ضمانتیں واپس لیتے ہوئے زر ضمانت بھی خارج کرنے کا بھی حکم دیا تھا. دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری کی نیب میں پیشی سے پہلے ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل نے کراچی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی کے منیجر اور ایجنٹ سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے.

ایف آئی اے کی جانب سے ایچ اینڈ ایچ کمپنی کے دفاتر پر چھاپے مارے گئے، دوکروڑساٹھ لاکھ روپے کی منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بنادی. ایچ اینڈایچ کمپنی کے خلاف جے آئی ٹی میں منی لانڈرنگ کی تحقیقات بھی چل رہی ہیں، ایف آئی اے کی اس اہم کارروائی میں حوالہ ہنڈی کے منیجر اور ایجنٹ سمیت پانچ ملزمان گرفتار ہوگئے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں