میاں طارق سے جج کی ویڈیو خریدنے والے لیگی رہنما سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آ گئیں

میاں رضا نے جج کی فلم خریدی تھی، میاں ر ضا بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت میں آ چکا ہے ۔ ذرائع کا دعویٰ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 18 جولائی 2019 10:44

میاں طارق سے جج کی ویڈیو خریدنے والے لیگی رہنما سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آ گئیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جولائی 2019ء) : احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ویڈیو میاں طارق سے خریدنے والے لیگی رہنما سے متعلق تفصیلات حاصل ہو گئی ہیں۔ جج ویڈیو سکینڈل کا ایک اور اہم کردار میاں رضا ہے جس سے متعلق جج ارشد ملک نے بھی ایف آئی آر میں بھی ذکر کیا جبکہ ویڈیو اسکینڈل کے مرکزی کردار میاں طارق کی گرفتاری کے بعد آئندہ 72 گھنٹوں میں مزید 4 اہم افراد کی گرفتار یاں متوقع ہیں۔

اس حوالے سے قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ جج ویڈیو اسکینڈل میں گرفتار مرکزی ملزم میاں طارق نے بتایا کہ میاں رضا نے جج کی فلم خریدی تھی۔ میاں رضا اور میاں طارق کو پیپلزپارٹی کے ایک معروف رہنما اور وکیل نے ملوایا ۔ میاں رضا پہلے رکشہ چلاتا تھا اور اس کے بعد اس نے دو شادیاں کیں اور میاں طارق جیسے ہی گھناؤنے کام شروع کر دیئے تھے جبکہ آہستہ آہستہ اپنی جگہ ن لیگ کے قریبی حلقوں میں بنا لی اور میاں نوازشریف کے ایک قریبی عزیز کے ذریعے ان تک پہنچ گیا اور نوازشریف کے دور میں پراپرٹی کا کاروبار شروع کر کے قبضہ مافیا کے ساتھ مل کر کروڑوں روپے کمائے اور اس کے بعد کئی مرتبہ لندن بھی گیا اور وہاں بھی اپنا کاروبار بنا رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

لاہور میں این اے 120 کے الیکشن اور ایاز صادق کی الیکشن مہم میں بھی بھرپور طریقہ سے حصہ لیتا رہا ۔ اس نے مسلم لیگ ن کے اندر دی لائنز گروپ بنا رکھا ہے اور نوازشریف دور میں یہ اس قدر قریب ہو چکا تھا کہ باقاعدہ اس کو سرکاری عہدہ دیا گیا تھا اور ایک سرکاری نمبر 04299237777 اس کے زیر استعمال بھی رہا ۔ ذرائع نے بتایا کہ میاں رضا نے باقاعدہ طور پر ایک گروپ بنا رکھا ہے اور لاہور اسلام آباد کے بڑے ہو ٹلوں میں عیاشی کے لیے اکثر پارٹیاں یہ بھی ارینج کرتا ہے ، لاہور کے تین معروف فارم ہاؤس بھی اس کام کے لیے استعمال کرتا ہے ۔

میاں میر دھرمپورہ میں المدینہ گلی نمبر 34 میں اس نے محکمہ اوقاف کی کروڑوں روپے کی جگہ پر ڈیرہ بنا رکھا ہے جس میں ہی دو مرتبہ میاں طارق اور اس کی ملاقات اور ڈیل ہوئی اور وہیں سے ہی یہ دو اہم ن لیگی رہنماؤں کے ساتھ مریم کے پاس میاں طارق اور ویڈیو کو لے کر گیا ۔ ذرائع کے مطابق میاں ر ضا بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت میں آ چکا ہے ۔

میاں طارق کے انکشافات پر پنجاب کی ایک اہم سابق حکمران شخصیت ،میاں نواز شریف کے دو قریبی ساتھیوں اور ایک مڈل مین کی گرفتاری کے حوالے سے نہ صرف ادارے متحرک ہو چکے ہیں بلکہ ان کے حوالے سے ابتدائی طور پر کئی اہم شواہد حاصل کر لئے گئے ہیں کہ و ہ نہ صرف اس سکینڈل میں ملوث ہیں بلکہ ان میں سے دو افراد اس سے پہلے بھی کئی اہم شخصیات کو بلیک میل کرنے اور بھاری رقوم ہتھیانے میں بھی ملوث ہیں ، اس حوالے سے باقاعدہ ریکارڈ بھی آئندہ چوبیس گھنٹوں میں اہم اداروں کے پاس آجائے گا۔

باوثوق ذرائع کے مطابق میاں طارق نے ایسے سنسنی خیز انکشافات کئے کہ جس کے بعد مسلم لیگ ن کے اندر نہ صرف ہلچل مچ چکی ہے بلکہ ن لیگ کے اندر مریم نواز کی پریس کانفرنس میں بیٹھے اہم ترین لیگی رہنما ؤں میں بھی شدید اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ اس ضمن میں مریم نواز کے قریبی اور شہباز شریف کے قریبی اہم رہنما ؤں میں تلخ کلامی بھی ہوئی ہے ۔ میاں طارق کی گرفتاری پر نئی صورتحال سامنے آنے پر مریم نواز نے اس معاملے کو احتجاجی مہم میں تبدیل کر کے اب اس سے نکلنے کے لیے کام شروع کر دیا ہے ۔

ن لیگی ذرائع کے مطابق میاں طارق کی گرفتاری کے بعد نئی صورتحال میں میاں نوازشریف اور مریم نواز کی آج ہونے والی ملاقات میں نئی ہدایات سامنے آئیں گی۔ اہم ذرائع نے اس بات کا انکشاف کیا کہ میاں طارق کی انویسٹی گیشن کرنے والی ٹیم نے مریم نواز کی پریس کانفرنس کا ٹوٹل ریکارڈ اور اس میں موجود ن لیگی رہنماؤں کے حوالے سے بھی رپورٹ تیار کی کہ انہوں نے پریس کانفرنس میں مریم نواز کے جج کی ایک قابل اعتراض ویڈیو کے متعلق اہم ادارے پر جو الزام لگائے اس کی یہ تمام لوگ تائید کرتے رہے ۔

طارق کے بیانات کی روشنی میں شریف خاندان کی دو اہم شخصیات اور تین اہم رہنماؤں کو بھی طلب کیا جاسکتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ناصر بٹ سمیت دیگر اسکینڈل کے جو کردار ہیں ان کی طلبی کے نوٹس بھی آئندہ 72 گھنٹوں میں سامنے آجائیں گے ۔ ن لیگ کے اہم رہنماؤں اور مریم نواز کو بھی اس میں بلائے جانے کی صورت میں اگر یہ نہیں آتے تو ان کے خلاف سائبر ایکٹ ،توہین عدالت کے تحت کارروائی ہوسکتی ہے ۔

میاں طارق کے یہ بھی انکشافات سامنے آئے کہ اس نے ویڈیو کس کے حوالے کی جس ن لیگی اہم شخصیت اور جس نوازشریف کے قریبی ٹرائیکا جو اس لین دین میں شامل تھے ، ان کی گرفتاری کے لیے میاں طارق کے بیان کی روشنی میں کام شروع ہوگیا ہے ۔ میاں طارق نے ایک سے زائد ویڈیوز جو ان کے حوالے کی ہیں جن کی برآمدگی بھی جلد متوقع ہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں