بھارت کشمیری عوام پر تمام تر جبر و استبداد کے باوجود جموں و کشمیر پر اپنا غیر قانونی قبضہ برقرار نہیں رکھ پائے گا، کشمیر ضرور آزاد ہوگا، عالمی برادری اور بالخصوص مسلمان ممالک کو کشمیری عوام پر مظالم بند کروانے کے لئے کردار ادا کرنا چاہیے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پارلیمنٹ ہائوس کے باہر یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے تھری ڈی پروجیکشن شو کی تقریب سے خطاب

بدھ 5 اگست 2020 23:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیری عوام پر تمام تر جبر و استبداد کے باوجود جموں و کشمیر پر اپنا غیر قانونی قبضہ برقرار نہیں رکھ پائے گا اور کشمیر ضرور آزاد ہوگا۔ وہ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے تھری ڈی پروجیکشن شو کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی اور ارکان پارلیمنٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہماری ذمہ داری ہے، اس حوالے سے ان کی جب بھی کسی عالمی رہنما سے ملاقات ہوئی ہے تو انہوں نے مسئلہ کشمیر کی سنگینی سے انہیں ضرور آگاہی فراہم کی ہے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کے لوگوں کے سفیر کی حیثیت سے اقوام متحدہ سمیت ہر پلیٹ فارم پر ان کا مقدمہ بھرپور طور پر پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا اور مبصرین کو مقبوضہ کشمیر میں دورے کی اجازت دی جانی چاہیے تاکہ وہاں کے زمینی حقائق انہیں معلوم ہو سکیں۔ پاکستان نے آزاد جموں و کشمیر میں عالمی میڈیا اور بین الاقوامی مبصر وفود کو دورے کرنے کی اجازت دی ہوئی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہندوستان نے کرفیو لگا کر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو محصور کر رکھا ہے لیکن وہ کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکے گا۔ عالمی برادری اور بالخصوص مسلمان ممالک کو کشمیری عوام پر مظالم بند کروانے کے لئے کردار ادا کرنا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت زیادہ عرصہ جموں و کشمیر کے خطہ پر اپنا غیرقانونی قبضہ برقرار نہیں رکھ سکے گا، ہم دیکھیں گے کہ کشمیر ضرور آزاد ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں