سینیٹ انتخابات، حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے پی ڈی ایم جماعتوں کا اہم فیصلہ

پی ڈی ایم جماعتوں کا سینیٹ میں مل کر الیکشن لڑنے پر غور،خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے مشترکہ امیدوار لانے کی تجویز

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 21 جنوری 2021 17:06

اسلام آبا د(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 21 جنوری 2021ء) پی ڈی ایم جماعتوں نے سینیٹ انتخابات میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے مل کر الیکشن لڑنے پر غور شروع کر دیا ہے۔پی ڈی ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے مشترکہ امیدوار لانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔دونوں صوبوں میں زیادہ سے زیادہ سیٹیں حاصل کرنے کے لیے مشترکہ امیدوار لانے کی تجویز پیش کی گئی۔

۔مسلم لیگ ن کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ مشترکہ امیدوار لانے کے لیے پی ڈی ایم جماعتوں میں اتحاد قائم رکھیں۔ذرائع کے مطابق پنجاب میں پیپلز پارٹی کو مسلم لیگ ن کی حمایت پر راضی کیا جائے گا۔جب کہ مسلم لیگ ن کے ذرائع کے مطابق مشترکہ امیدواروں کے لیے جلد مشاورتی اجلاس طلب کیا جائے گا۔قبل ازیں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پر مشتمل اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کی طرف سے جاری حکومت مخالف تحریک میں استعفوں کے بعد لانگ مارچ کا فیصلہ بھی موخر کر دیا گیا ، اپوزیشن جماعتوں کا لانگ مارچ اب مارچ کے آخری ہفتہ میں ہوگا ، پی ڈی ایم جماعتوں میں اتفاق ہوگیا۔

(جاری ہے)

میڈیا ذرائع کہتے ہیں کہ ی ڈی ایم رہنماوَں نے تجویز دی کہ لانگ مارچ سینیٹ انتخابات کے بعد ہونا چاہئیں ، پی ڈی ایم رہنماوَں کی طرف سے موسم اور سینیٹ انتخابات کے باعث لانگ مارچ موخر کرنے کی تجویز دی گئی ، جس میں کہا گیا کہ فروری میں سردی زیادہ ہوگی جس کے باعث کارکنان کیلئے مشکلات ہوں گی ، جب کہ مارچ میں سینیٹ انتخابات ہیں ، اس کی تیاری بھی لانگ مارچ کے باعث نہیں ہوسکے گی ، کیوں کہ پی ڈی ایم سینیٹ انتخابات میں بھرپور طریقہ سے اترنا چاہتی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم رہنمائوں کی ان تجاویز کی روشنی میں حکومت مخالف تحریک میں استعفوں کے بعد لانگ مارچ کا فیصلہ بھی موخر کر دیا گیا ، لانگ مارچ کی نئی تاریخ کے حوالے سے اوزیشن جماعتوں نے اتفاق کیا ہے کہ لانگ مارچ اب مارچ کے آخری ہفتہ میں ہوگا۔ دوسری طرف وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد حسین چوہدری نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی طرف سے جاری حکومت مخالف تحریک پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت سردی اتنی زیادہ ہے کہ انقلاب فریز ہو گیا ہے۔انہوں نے لکھا کہ اتنی سردی ہے کہ انقلاب فریز ہو گیا ، لانگ مارچ ، استعفے اور دھرنا اب انقلاب کے ڈی فریز ہونے کے بعد ہو گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں