سینیٹ الیکشن; پی ٹی آئی ایم این اے غلام بی بی بھروانہ نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی تردید کردی

گیلانی کوووٹ نہیں دیا، اگر دیتی تو علی الاعلان کہتی، ڈرنے والی نہیں ہوں۔ غلام بی بی بھروانہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 4 مارچ 2021 13:54

سینیٹ الیکشن; پی ٹی آئی ایم این اے غلام بی بی بھروانہ نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی تردید کردی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 مارچ 2021ء) : سینیٹ الیکشن میں حکومت کے لیے بڑا اپ سیٹ ہونے کے بعد کئی پارٹی رہنماؤں پر پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا جا رہا ہے جن میں سے ایک پی ٹی آئی کی خاتون ایم این اے غلام بی بی بھروانہ بھی ہیں تاہم غلام بی بی بھروانہ نے ان تمام الزامات کی تردید کر دی ہے۔ غلام بی بی بھروانہ نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے یوسف رضا گیلانی کوووٹ نہیں دیا، اگر میں یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیتی توعلی الاعلان دیتی، میں کسی سے ڈرنے والی نہیں ہوں۔

خیال رہے کہ سینیٹ کےانتخابات میں شکست کے بعد رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ وزیر اعظم کے ریڈار پر آگئی ہیں۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ ووٹنگ کے دوران غلام بی بی بھروانہ کی نقل و حرکت مشکوک تھی۔

(جاری ہے)

غلام بی بی بھروانہ کا تعلق جھنگ سے ہے اور پاکستان تحریک انصاف سے قبل غلام بی بی بھروانہ مسلم لیگ ن میں رہ چکی ہیں۔ یاد رہے کہ اسلام آباد کی جنرل نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی نے پی ٹی آئی کے امیدوار حفیظ شیخ کو شکست دے دی تھی ، یوسف رضاگیلانی کو 169 ووٹ ملے، جب کہ حفیظ شیخ کو 164 ووٹ ملے، قومی اسمبلی سے مجموعی 340 ووٹ کاسٹ ہوئے، اور 7 ووٹ مسترد ہوئے تھے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذرائع کے مطابق سینیٹ الیکشن میں ایک بیلٹ پیپر پر ووٹر نے دستخط کیے، 4 بیلٹ پیپرز پر ووٹرز نے گنتی کے نمبر لکھنے کی بجائے ٹک کیا۔ ذرائع نے مزید کہا کہ گذشتہ روز ہونے والے سینیٹ انتخاب میں 2 بیلٹ پیپرز پر امید واروں کے نام کے آگے نمبر 1 یا 2 لکھنے کی بجائے صرف 2 لکھا گیا۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پولنگ ایجنٹوں کے اصرار پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرائی گئی، جبکہ ریٹرننگ آفیسر کے مرتب کردہ نتائج پر پولنگ ایجنٹوں نے دستخط کیے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں