پاکستان میں عیدالفطر 14 مئی کو ہو گی، فواد چوہدری کی پیش گوئی

وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی طرف سے بنائے گئے کیلنڈر اور رویت ایپ کے مطابق پاکستان میں عید کا چاند 13 مئی کو نظر آئے گا ، وفاقی وزیر کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 9 مئی 2021 11:17

پاکستان میں عیدالفطر 14 مئی کو ہو گی، فواد چوہدری کی پیش گوئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 مئی 2021ء ) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے پیش گوئی کی ہے کہ پاکستان میں عیدالفطر 14 مئی کو ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام می انہوں نے کہا کہ اگرچہ عید الفطر کا حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی نے کرنا ہے لیکن وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی طرف سے بنائے گئے کیلنڈر اور رویت ایپ کے مطابق پاکستان میں عید کا چاند 13 مئی کو نظر آئے گا جب کہ ملک میں عیدالفطر 14 مئی کو ہو گی۔


علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق 12 مئی بروز بدھ کو شوال کا چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے، لہٰذا اس مرتبہ 29 کی بجائے 30 روزے پورے ہونے کا امکان ہے اور عید الفطر 14 مئی بروز جمعہ کو ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ، محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شوال کے چاند کی پیدائش 12 مئی کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بج کر 01 منٹ پر ہوگی جس کے مطابق 12 مئی 29 رمضان کو نئے چاند کے نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے ، اس بار 29 کی بجائے 30 روزوں کا امکان زیادہ ہے اور عید الفطر 14 مئی بروز جمعہ کو ہوسکتی ہے، تاہم اس کا فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں ہوگا جو 12مئی کو ہوگا ، اس روز ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع صاف جب کہ کہیں کہیں جزوی بادل ہوں گے لیکن چوں کہ اس روز چاند کی پیدائش کو زیادہ وقت نہیں گزرا ہو گا، اس لیے مطلع صاف ہونے کے باوجود چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹر ظہیر بابر نے کہا کہ جمعہ کو عید ہونے کی صورت میں ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تاہم میدانی علاقوں میں موسم گرم و خشک رہے گا جب کہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران بیشتر بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تاہم میدانی علاقوں جنوبی پنجاب، سندھ و بلوچستان میں موسم گرم رہے گا ، محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عیدالفطر کے موقع پر ملک کے اکثر بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تاہم میدانی و جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں