نورمقدم قتل کیس کے ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے گا

ملزمان کو بلیک لسٹ کردیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 26 جولائی 2021 15:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جولائی 2021ء) : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے نور مقدم قتل کیس کے ملزم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی یقین دہانی کروا دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ نورمقدم قتل کیس کے ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے گا۔ رواں ہفتے ای سی ایل میں نام ڈالنے کے لیے سمری بھیج دی جائے گی۔

ملزم کے والد اور ملازمین کو بھی گرفتار کیا ہے، ملزمان کو بلیک لسٹ کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کیس میں کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، کاش اس ملک میں ایسا نظام کو کرپٹ اور قتل کے مجرمان کو جلد از جلد پھانسی دی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ چین کی طرح کا یہاں نظام ہو کہ قاتل اور کرپٹ لوگوں کو موقع پر ہی سزا دی جائے۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے الیکشن میں بوریاں بھر کر نوٹ خرچ کیے ، پیپلزپارٹی نے پیسہ خرچ کرکے 2 تین سیٹوں میں اضافہ کیا ، آزاد کشمیر میں تنہا پی ٹی آئی حکومت بنانےجارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پوری کوشش ہوگی کہ سندھ میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت ہو، نوازشریف اینٹی آرمی ،اینٹی اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی عمران خان ہیں ، نواز شریف باہر سے تقریریں نہ کریں ، اگر واپس آنا چاہتے ہیں تو چارٹرڈ طیارہ بھیجنے کیلئے تیار ہیں ، نوازشریف کو جنرل جیلانی سے پہلے کوئی نہیں جانتا تھا ، نوازشریف جی ایچ کیوکی پیداوارہیں ، فوج کے خلاف بد زبانی کرتے ہیں ، وہ کبھی اقتدارمیں نہیں آسکتے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بارڈر پر 90 فیصد باڑ لگانے کاعمل مکمل ہوچکا ہے، افغان آرمی کے جن 45 اہلکاروں کوپناہ دی گئی ہے ان کوباعزت طریقے سے واپس کریں گے ، پاک فوج دنیاکی عظیم ترین فوج ہے ، میں زمینی وزیرداخلہ ہوں، خلائی وزیرداخلہ نہیں ہوں، وزیر داخلہ بننے کا مطلب یہ نہیں کہ اپنی اوقات بھول جاوَں ، بارڈر پر جاوَں گا ، فوجیوں کے ساتھ کھانا کھاوَں گا اور چائے بھی پیوں گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں