رواں سال ملک میں 12ربیع الاول بھرپور مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و خروش سے منایا جائیگا،وزیر اعظم

نوجوان نسل کو ریاست مدینہ اور سیرت طیبہ کے راہنما اصولوں سے روشناس کرانے پر بھرپور توجہ دی جائے، عمران خان

جمعہ 15 اکتوبر 2021 22:58

رواں سال ملک میں 12ربیع الاول بھرپور مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و خروش سے منایا جائیگا،وزیر اعظم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2021ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رواں سال ملک میں 12ربیع الاول بھرپور مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و خروش سے منایا جائیگا،اس موقع پر نوجوان نسل کو ریاست مدینہ اور سیرت طیبہ کے راہنما اصولوں سے روشناس کرانے پر بھرپور توجہ دی جائے۔جمعہ کو وزیرِ اعظم عمران خان سے ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمان نے ملاقات کی جس میں وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری بھی شریک ہوئے ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ رواں سال ملک میں 12ربیع الاول بھرپور مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و خروش سے منایا جائیگا۔ وزیراعظم نے کہاکہ اس موقع پر نوجوان نسل کو ریاست مدینہ اور سیرت طیبہ کے راہنما اصولوں سے روشناس کرانے پر بھرپور توجہ دی جائے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہاکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ریاست مدینہ کی بنیاد عدل و انصاف، معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود اور میرٹ کی حکمرانی پر رکھی۔

وزیراعظم نے کہاکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دی۔ انہوںنے کہاکہ آج انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے دور میں نوجوان نسل جنسی جرائم اور منشیات جیسی برائیوں سے بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ نوجوانوں کو ان اخلاقی برائیوں سے بچانے کے لیے سیرت طیبہ کے سنہری اصولوں کی روشنی میں ان کی کردار سازی بہت ضروری ہے،اس مقصد کے حصول کے لیے حکومت نے رحمت اللعالمین اتھارٹی قائم کی ہے، جس میں سیرت طیبہ پر اعلی شہرت کے حامل سکالرز نوجوانوں کی کردار سازی کے لیے رہنمائی کریں گے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ یہ اتھارٹی تحقیق کر کے نوجوانوں کو بتائیگی وہ کون سے عوامل تھے جن کی وجہ سے محض تیرہ برس کی قلیل مدت میں (623-636) مسلمان قیصر و کسری کی عظیم سلطنتوں کو زیرکر کے 150000 مربع کلومیٹر زمین پر حکمرانی کرنے لگے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں